انھیں جمعیت احیاء التراث الاسلامی کویت کی معرفت وہاں کی وزارت اوقاف کی طرف سے دعوت نامہ موصول ہوا کہ وہ یہاں تشریف لائیں اور وزارت اوقاف کے مرتبہ پروگرام کے مطابق اصلاح ِمعاشرہ کے متعلق تقریریں کریں۔ چنانچہ وہ اسلام آباد میں کویت کے سفارت خانے پہنچے اور ٹکٹ اور ویزے کے لیے ان سے گفتگو کی۔ یہ مرحلہ طے ہوا تو 23۔ دسمبر 1999ءکو لاہور سے کویت کے لیے روانہ ہوئے۔۔ یہ چار گھنٹے کا ہوائی سفر تھا۔ کویت کے ہوائی اڈے پر ان کے کاغذات کی جانچ پڑتال میں کافی وقت لگا، جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ جو حضرات ہوئی اڈے پر ان کو لینے کے لیے آئے تھے وہ مایوس ہو کر واپس چلے گئے۔ ضروری کاروائی سے فراغت کے بعد حافظ صاحب اکیلے ہی جلیب الشیوخ پہنچے جہاں جمعیت احیاء التراث الاسلامی کا دعوتی سنٹر ہے اور مولانا عبدالخالق محمد صادق اس کے انچارج ہیں۔ انہی کے تحریک سے کویت میں حافظ صاحب کا دعوتی پروگرام ترتیب دیا گیا تھا۔ہمارے دوست مولانا عارف جاوید محمدی بھی وہیں ہیں جو جماعت اہل حدیث کے سر گرم رکن ہیں۔ حافظ عبدالستار حماد کوکویت میں سرکاری طورپر دعوت دی گئی تھی۔ اس لیے ان کا قیام کراؤن پلازہ میں تھا جو کویت کا ایک بہترین ہوٹل ہے۔ ڈرائیور سمیت انھیں گاڑی بھی دی گئی تھی۔ کھانے پینے کا انتظام بھی ہوٹل میں تھا۔وہاں ان کا متعدد حضرات سے تعارف ہوا جن میں حافظ ڈاکٹر محمد اسحاق زاہد، حاجی محمد یعقوب اور محمد عبداللہ شاد کے اسمائے گرامی قابل ذکر ہیں۔ دعوتی پروگرام کا عملی پروگرام مولانا عبدالخالق محمد صادق نے ترتیب دیا تھا۔ حافظ عبدالستار حماد نے 24۔دسمبر 1999ءسے لے کر 12۔جنوری 2000ءتک کویت کی مختلف مساجد میں مختلف موضوعات پر تقریریں کیں اور وہ جنوری کا آخری پروگرام کر کے اسی تاریخ کو واپس پاکستان تشریف لے آئے۔ تصنیفی خدمات اب حافظ عبدالستار حماد کی تصنیفی تگ و ود کی طرف آئیے۔ حافظ صاحب نے مدینہ یونیورسٹی کی تعلیم کے دوران میں قلم و قرطاس سےرابطہ پیدا کر لیا تھا۔ اس کا آغاز انھوں نے ترجمے سے کیا۔ جیسا کہ گزشتہ سطور میں بتایا گیا وہ ہر جمعے کو مسجد نبوی کے خطیب کے خطبے کا ترجمہ کر کے اخبار” اہل حدیث“کو اشاعت کے لیے بھیجتے تھے۔ اس طرح ان کے بہت سے خطبات کے تراجم اس اخبار میں شائع ہوئے۔ دوران تعلیم ہی میں انھوں نے شیخ عبدالعزیز بن باز کے مختلف عربی رسائل کو اُردو میں منتقل کیا، جس کی تفصیل یہ ہے(1)غیر اللہ سے فریاد اور اسلام(2)بدعات و رسوم اور اسلام(3) فتنہ انکار |