35۔قسطوں کی بیع:یہ حافظ صاحب کے عربی مضمون”النقیط“ کااردو ترجمہ ہے۔اس میں قسطوں کی بیع کو حرام قراردیاگیا ہے۔ اور اس سلسلے میں جواعتراضات کیے جاتے ہیں، ان کا رد فرمایا گیا ہے۔ 36۔عقیقہ:یہ بیس صفحات کا کتابچہ ہے جس میں لفظ”عقیقہ“ کے لغوی معنے، تحسنیک کا طریقہ، نومولود کے بالوں کے برابر چاندی کا صدقہ، بچے کا نام رکھنے، کان میں اذان دینے، عقیقے کی فرضیت، عقیقے کے جانور، عقیقے کی تاریخ، وقت اوردیگر مسائل کو شریعت کی روشنی میں بیان کیا گیا ہے۔ 37۔خِطبہ(منگنی) اس کتابچے میں حافظ صاحب نے منگنی کی تاریخ اور شرعی حیثیت بیان فرمائی ہے اور اس سلسلے کے رسوم ورواج کی تردید کی ہے۔ 38۔حجیت حدیث:اس میں منکرین حدیث کے اعتراضات کا جواب دیا گیاہے۔ 39۔ختم نبوت:یہ محدث العصر حضرت حافظ محمد گوندلوی کی اردو تصنیف ہے۔اس میں مسئلہ ختم نبوت کے تشریح کی گئی ہے اور قادیانیوں کے اجرائے نبوت کے خود ساختہ نظریے کی بدلائل تردید فرمائی گئی ہے۔کتاب کی اہمیت کے پیش نظر حافظ عبدالمنان نورپوری نے اسے عربی میں منتقل کردیا ہے۔ 40۔اثبات التوحید: حضرت حافظ صاحب گوندلوی نے کسی زمانے میں پادری عبدالحق کی” کتاب التوحید فی التثلیث“ کی تردید میں”اثبات التوحید فی ابطال التثلیث“ کے نام سے کتاب لکھی تھی۔حافظ عبدالمنان نور پوری نے حضرت حافظ صاحب گوندلوی کی اس کتاب کا عربی میں ترجمہ کردیا ہے۔ 41۔اسلام کی دوسری کتاب:حضرت حافظ صاحب گوندلوی رحمۃ اللہ علیہ کی یہ کتاب عقائد سے تعلق رکھتی ہے۔حافظ عبدالمنان نور پوری نے اس کی افادیت کے پیش نظر اسے بھی عربی کے قالب میں ڈھال دیا ہے۔ 42۔سفرنورستان:1404ھ میں حافظ عبدالمنان نے افغانستان کے علاقے نورستان کا سفر کیا۔مولاناذکی الرحمٰن لکھوی اور حکیم محمد اشفاق نورپوری بھی ان کےہم سفر تھے۔اس سفر کی روداد حافظ صاحب ممدوح نے” سفر نورستان“ میں بیان کی ہے۔ یہ سطور 7۔اگست 2007ء کو لکھی گئی ہیں۔اس وقت اللہ کے فضل سے حافظ عبدالمنان کی اولاد دو بیٹے ہیں اور سات بیٹیاں۔ان کا ایک بیٹا جس کا نام عبدالرحمٰن تھا بچپن میں وفات پاگیا تھا۔دوسرا بیٹا 1974میں پیدا ہواتو اس کا نام پہلے بیٹے کے نام پر”ثانی“ کا لاحقہ لگا کر عبدالرحمٰن ثانی رکھا گیا۔ |