Maktaba Wahhabi

550 - 665
اب وہ ماشاء اللہ مولاناحافظ عبدالرحمٰن ثانی ہیں۔انھوں نے جلیل القدر علمائے کرام سے تعلیم حاصل کی اور 1994ء میں سند فراغت لی۔آج کل مرکز طیبہ مریدکے(ضلع شیخو پورہ)میں فریضہ تدریس سرانجام دے رہے ہیں۔ دوسرے بیٹے کا نام محمد عبداللہ ہے۔وہ اپنے مسکن سرفراز کالونی، گوجرانوالہ کی جامع مسجد قدس اہلحدیث(المعروف حافظ عبدالمنان والی مسجد) میں قرآن مجید حفظ کررہے ہیں۔دعا ہے اللہ تعالیٰ حافظ صاحب کی اولاد(ذکور اناث) کو اپنے حفظ وامان میں رکھے اور یہ لوگ باپ کی طرح اللہ کے دین کے مخلص ترین خادم اورنیک نام وخوش خصال ہوں۔آمین یا رب العالمین۔ اب حافظ صاحب کے تلامذہ کی طرف آئیے۔ ان کی تعداد کی گرفت میں لانا مشکل ہے۔ان کے ایک شاگرد حکیم رانامحمد مدثر خاں(ساکن چک نمبر 485 گ ب تحصیل سمندری، ضلع فیصل آباد) ہیں۔نہایت شریف النفس اورامورخیر کےلیے سرگرم۔مجھے حافظ صاحب کے واقعات حیات سے مطلع کرنے کا اصل ذریعہ وہی ہیں اورمیں اس پر ان کا شکر گزار ہوں۔ان کا بیان ہے کہ انھوں نے ایک مرتبہ ایک رجسٹر دیکھا تھا جس میں ان حضرات کے نام درج ہیں جنھوں نے حافظ صاحب سے تفسیر، حدیث اور بعض دیگرعلوم پڑھے۔68 صفحات کے اس رجسٹر میں بارہ سو پچاس اشخاص کے نام درج ہیں۔لیکن حکیم محمد مدثر خاں کے بقول اس تعداد کو حتمی نہیں قراردیا جاسکتا۔وہ کہتے ہیں کہ اس رجسٹر کے مطالعہ سے مترشح ہوتا ہے کہ حافظ صاحب سے استفاد کرنے یا اجازہ لینے والوں کا تعلق سعودی عرب، مصر، فلسطین، افغانستان، ایران، بنگلہ دیش، سری لنکا، شام، بحرین، الجزائر، ملائیشا، تھائی لینڈ اورآزاد کشمیر سے بھی ہے۔ حافظ صاحب کے شاگردوں کی جو مختصر سی فہرست میرے سامنے ہے، اس میں موجودہ دور کے ان متعدد حضرات کے نام درج ہیں، جنھوں نے تدریس وتصنیف اورتقریر وخطابت کے شعبوں مین بڑا نام پایا۔ان میں سے بعض وفات پاگئے ہیں۔میں اس وسیع فہرست میں سے یہاں چند نام لکھتا ہوں۔مختصر الفاظ میں ان کا تعارف بھی کرانا چاہیے۔لیکن معذرت خواہ ہوں کہ ان سطور میں اس کی گنجائش نہیں۔یہ خدمت حافظ صاحب کے کسی سوانح نگار کو سرانجام دینی چاہیے۔بہرحال حافظ صاحب کے لائق شاگردوں میں سے چند نام مندرجہ ذیل ہیں۔ حافظ خالد مرجالوی( مرکز الربیۃ الاسلامیہ فیصل آباد)۔ مفتی عبدالرحمٰن عابد(مدرسہ الدعوۃ الاسلامیہ)۔ مولانا محمد مالک بھنڈر(جامعہ محمدیہ گوجرانوالہ) حافظ محمد شریف (بانی مرکز التربیۃ الاسلامیہ فیصل آباد)۔
Flag Counter