تین ضخیم جلدیں چھپ چکی ہیں۔ ہرنقد کی ترتیب کچھ اس طرح ہے۔ ٭۔۔۔قال: یہ مولانا انور شاہ کاشمیری کی فیض الباری کااقتباس ہے۔ ٭۔۔۔اقول: اس کے قائل حضرت حافظ گوندلوی ہیں۔ ٭۔۔۔يقول: یہ حافظ عبدالمنان صاحب کے زوائد ہیں۔ ٭۔۔۔بعض الناس: اس سے گوجرانوالہ کے کچھ لوگ مراد ہیں۔ یہ حضرت حافظ محمد صاحب رحمۃاللہ علیہ کی اس موضوع سے متعلق نہایت اہم کتاب ہوگی اور اس کے مرتب حافظ عبدالمنان نور پوری کی بہت بڑی علمی کاوش۔ 2۔احکام ومسائل :مختلف مقامات کے لوگ بذریعہ خطوط حافظ عبدالمنان صاحب سے شرعی نوعیت کے مسائل پوچھتے ہیں۔حافظ صاحب ہرسائل کو کتاب وسنت کی روشنی میں جواب دیتے ہیں۔اس طرح انھوں نے اب تک لوگوں کے سینکڑوں سوالات کے جواب دیے جو”احکام ومسائل“ کے نام سے دوضخیم جلدوں پر مشتمل ہیں۔ان جلدوں میں عقائد وایمانیات سے لے کر ہر قسم کے مسائل خوبصورت انداز میں مندرج ہیں۔ان دونوں جلدوں کو قرآنی احکام، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرامین اور فقہی نکات کادلآویز مرقع قراردینا چاہیے۔اس میں قاری کو مختلف قسم کے استفسارات کے مدلل جواب ملیں گے۔احکام ومسائل کی پہلی جلد 632 صفحات اور دوسری جلد 864 صفحات پر محیط ہے۔یہ دونوں جلدیں کتاب وسنت کی اشاعت کے عظیم ادارے المکتبۃ الکریمیہ 6۔عظیم مینشن، نزد لکشمی چوک، رائل پارک لاہور نے نہایت اہتمام سے شائع کی ہیں۔ان کی جمع وترتیب کا فریضہ جامعہ محمدیہ جی ٹی روڈ گوجرانوالہ کے فاضل استاذ مولانامحمد مالک بھنڈر نے انجام دیا ہے۔ کتاب”احکام ومسائل“کی جلد اول میں 1985ء سے 2000ء تک کے خطوط کے جواب معرض اشاعت میں آئے ہیں اورجلد دوم میں 2001ء سے 2004ء تک کے جواب شائع کیے گئے ہیں۔2004ء سے بعد کے جوابات کی جمع وترتیب کا کام مولانا محمد مالک بھنڈر بڑی محنت سے کر رہے ہیں۔جناب محمد مسعود لون ایڈووکیٹ(مدیر المکتبۃ الکریمیہ) شکریے کے مستحق ہیں کہ انھوں نے یہ اہم کتاب بڑے آب وتاب کے ساتھ شائع کی۔قارئین کو عظیم مینشن رائل پارک لاہور کے علاوہ یہ کتاب گلی نمبر 41 وائی بلاک، پیپلز کالونی گوجرانوالہ سے بھی مل سکتی ہے۔اس کتاب کو حافظ عبدالمنان نور پوری کے عظیم دینی شاہکار کی حیثیت حاصل ہے۔المکتبۃ الکریمیہ نے اسے شائع کرکے اصحاب ِ علم پر بہت بڑا احسان کیا ہے۔ 3۔مرأۃ البخاری: ہر سال صحیح بخاری شروع کرنے سے قبل حافظ عبدالمنان علم حدیث اور |