Maktaba Wahhabi

131 - 665
عبیداللہ رحمانی مبارک پوری تحریر فرماتے ہیں:” افسوس ہے کہ علامہ اس شرح کو اپنی زندگی میں مکمل نہ کرسکے۔“[1] 21۔۔۔ النجم الوهاج في شرح مقدمة صحيح مسلم بن الحجاج:جیسا کہ اس کے نام سے ظاہرہے، یہ مقدمہ امام مسلم کی مبسوط شرح ہے۔[2] 22۔۔۔ التعليقات على سنن النسائي:اس میں سنن نسائی کے بعض مشکل مقامات کو حل کیا گیاہے۔ مولانا عبدالسلام مبارک پوری فرماتے ہیں۔علامہ ابوالطیب نے ان مقامات کو حل کیا ہے، اس کاقلمی نسخہ موجود ہے۔[3] 23۔۔۔ نخبة التواريخ:یہ قلمی کتاب فارسی زبان میں ہے۔اس میں بزبان فارسی قدیم وجدید علماء کے حالات مرقوم ہیں۔ اس کا ایک اقتباس جو دس سطروں پر مشتمل ہے۔حضرت میاں سید نذیرحسین دہلوی کے سوانح نگار مولانا فضل حسین بہاری نے اپنی کتاب”الحیاۃ بعد الممات“ میں نقل کیا ہے۔یہ دس سطری اقتباس حضرت میاں صاحب کے بارے میں ہے۔[4] 24۔۔۔ تذکرۃ النبلاء فی تراجم العلماء:یہ کتاب بھی فارسی میں ہے اور علماء وزعما کے حالات پر مشتمل ہے۔حضرت مصنف کے اس قلمی نسخے سے متعدداصحاب علم نے استفادہ کیا۔مثلاً مولانا سید عبدالحئی حسنی نے نزہۃ الخواطر کی تصنیف کا آغاز کیا توحضرت مولانا عظیم آبادی نے ان کو یہ نسخہ بھیج دیا اور انھوں نے اس کے حوالے سے جن بزرگان دین کا تذکرہ کیا، جناب محمد عزیر صاحب کے نزدیک ان کی تعداد تیس تک پہنچتی ہے۔نزہۃ الخواطر کی ساتویں اورآٹھویں جلد میں بالخصوص اس کتاب سے استفادہ کیا گیا ہے۔ مولانا عبدالحئی فرنگی محلی لکھنوی نے”بناء الخلان“لکھنا شروع کی تو انھوں نے مولانا عظیم آبادی سےتراجم علمائے صوبہ بہار وغیرہ طلب کیے اور ان کی طلب پرمولانا نے اپنے مسودے کے بعض اجزاء ان کو بھیج دئیےمگرپھر کئی دفعہ طلب کرنے کے باوجود وہ اجزاء مولانا عبدالحئی فرنگی محلی واپس نہ کرسکے۔اسی اثناء میں مولانا عبدالحئی وفات پاگئے، ان کی وفات کےبعد مولوی خادم حسین نے بمشکل چند اجزاء واپس کیے۔پھر اور لوگوں نے بھی اس نسخے کے بعض اجزاان سے طلب کیے اور استفادہ کرکے واپس بھیج دیے۔
Flag Counter