آپ کو نہ چھوڑا اور نہ وہ ناراض ہوا۔‘‘ [1]پھر سورۂ واقعہ کی درج ذیل آیات نازل ہوئیں : ﴿إِنَّهُ لَقُرْآنٌ كَرِيمٌ فِي كِتَابٍ مَّكْنُونٍ لَّا يَمَسُّهُ إِلَّا الْمُطَهَّرُونَ تَنزِيلٌ مِّن رَّبِّ الْعَالَمِينَ﴾’’ بے شک یہ قرآن نہایت قابل احترام ہے ایک محفوظ کتاب میں ۔ اسے بس پاک (فرشتے) ہی ہاتھ لگاتے ہیں ۔ یہ رب العالمین کی طرف سے نازل کیا ہوا ہے ۔‘‘ [2]’’کتاب مکنون‘‘سے مراد ایسی کتاب جو خوب محفوظ و مصئون ہو۔ اور اس میں آسمان پر موجود لوحِ محفوظ کی طرف اشارہ ہے ۔ اس کتاب قرآن مجید کو مطہّرین کے سوا کوئی نہیں چھو سکتا اور مطہّرین کے معنی ہیں ’’ جو ہر قسم کی ناپاکی ، آلودگی یا گناہوں جیسی بُرائیوں سے پاک ہیں۔‘‘یہ فرشتوں کی طرف اشارہ ہے اور شیطان قرآن کو ہر گز چھو نہیں سکتا ۔اب چونکہ شیطان کے لیے قرآن پاک کو چھونا ممنوع ہے اور وہ اس کے قریب نہیں پھٹک سکتا ، اس لیے یہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ اس نے قرآن مجید کی آیات لکھی ہوں۔ مزید برآں سورۃ الشعراء میں کہا گیا ہے : ﴿وَمَا تَنَزَّلَتْ بِهِ الشَّيَاطِينُ وَمَا يَنبَغِي لَهُمْ وَمَا يَسْتَطِيعُونَ إِنَّهُمْ عَنِ السَّمْعِ لَمَعْزُولُونَ ﴾’’ اور شیاطین اس (قرآن) کو لے کر نازل نہیں ہوئے اور نہ یہ ان کے لائق ہے اور نہ وہ اس کی استطاعت ہی رکھتے ہیں ۔ بے شک وہ تو اس کے سُننے سے بھی دور رکھے گئے ہیں ۔“[3]