مؤلف: ڈاکٹر سعود الشریم ، عبد الباری الثبیتی ، صلاح البدیر
ناشر: دار المعفرفہ
مترجم: پیرزادہ شفیق الرحمن شاہ الدراوی
36
۲۸/۶/۲۰۰۲ء خطبہ حرمِ نبوي: رتجگے اور اسلامی طرزِ عمل امام و خطیب جنا ب عزت مآب / صلاح البدیر حفظہ اللہ حمد و ثناء کے بعد !خلق پر اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شمار نہیں کیا جاسکتا ؛اس کی نعمتوں ، نشانیوں ،انعامات اور عطاؤں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ اس نے نیند کو لوگوں کے لیے آرام کاذریعہ بنایا ہے اور رات کو باعث ِ سکون اور لباس و پردہ بنایا ہے ،اللہ تعالیٰ اس نعمت کا ذکر کرتے ہوئے فرماتے ہیں :﴿ وَجَعَلْنَا نَوْمَکُمْ سُبَاتًاo وَجَعَلْنَا اللَّیْلَ لِبَاسًا﴾ (النبا:۹۔۱۰)’’ اور ہم نے تمہاری نیند کو باعثِ آرام بنایا ، اور رات کو ہم نے لباس (پردہ ) بنایا ۔‘‘اور سورۂ انعام میں اسے ایک انعام کے طور پر ذکر کرتے ہوئے فرمایاہے :﴿ وَجَعَلَ اللَّیْلَ سَکَنًا﴾ (الانعام: ۹۶) ’’ اور اس نے رات کو باعث ِ آرام ٹھہرایا ہے ۔‘‘ رات کی گھڑیاں ایسا وقت ہیں کہ اس میں وہ سکھ کی سانس لیتا ہے ، اعضاء و جسم کو آرام و سکون نصیب ہوتا ہے ، حواس مجتمع ہوتے ہیں اور انسان کو راحت و انس حاصل ہوتا ہے ، رات کواللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و رحمت کے ساتھ سونے کا وقت بنایا ہے اور اس میں راحت و سکون اور آرام حاصل کیا جاتا ہے ،اللہ تعالیٰ کا ارشادِ گرامی ہے :