اسی بات کا ڈر تھا۔ ‘‘(ان کی بے ایمانی اور کفر پر اکڑ، تکبر ظاہر ہوگئے۔)[1] س:۹۰… اللہ عزوجل کی طرف سے نبی مکرم محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو سب سے بڑا معجزہ کون سا عطا ہوا تھا؟ ج:۹۰… اللہ ربّ العزت کی طرف سے نبی مکرم محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو سب سے بڑا معجزہ ’’ قرآنِ عظیم ‘‘ عطا ہوا ہے، جو آج بھی اپنی اعجازی حیثیت سے کفارِ و مشرکین کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔ س:۹۱… نبی مکرم محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے چند ایک معجزات کا ذکر کیجیے؟ ج:۹۱… محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قرآن واحادیث میں مذکور بعض معجزات کہ جو آپ کو اللہ کی طرف سے عطا ہوئے تھے، اُن کی تفصیل یوں ہے: ٭ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ طیبہ کے بعد زمانۂ مستقبل سے متعلق بعض اُمور کی خبریں کہ جو آپ نے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو دی تھیں، اُن کے بارے میں اللہ عزوجل نے آپ کو مطلع فرمادیا اور ان میں سے اکثر بعینہٖ وقوع پذیر ہوچکیں، جس طرح آپ نے اُن کی خبر دی تھی۔ ٭ ایک موقعہ پر کسی بکری کی پکی ہوئی ران کی آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے گفتگو کرنا کہ اس میں یہود کی طرف سے زہر ملائی گئی ہے۔ ٭ ایک موقعہ پر کھائے جانے والے کھانے کا تسبیح پڑھنا۔ ٭ نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک انگلیوں سے ایک جہادی سفر کے دوران پانی کا، چشمے کی طرح بہہ پڑنا۔ ٭ فتح مکہ کے موقع پر نبی معظم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ میں پکڑی نیام میں بند تلوار کے اشارے سے بتوں کا دھڑام سے گرتے چلے جانا۔ |