Maktaba Wahhabi

محدث شمارہ 302

مؤلف: حافظ عبد الرحمن مدنی

ناشر: مجلس التحقیق الاسلامی لاہور

سال شائع: 2006ء

عورت کے ساتھ سنگین زیادتی کے واضح قرائن موجود ہوں اور معاشرے میں خوف وہراس پھیلا ہو لیکن چار گواہیاں موجود نہ ہوں توایسی صورت میں قاضی کو اختیار ہے کہ وہ معاملہ کی سنگینی کے مطابق حرابہ کی چاروں قرآنی سزاؤں میں جو بھی اختیار کرلے: مجرم کو ٹکڑے ٹکڑے کرنا، سولی چڑھانا، مخالف سمت سے ہاتھ پاؤں کاٹنا یا کم تر سزا محض جلاوطن کردینا۔ اور یہ بھی یاد رہے کہ حرابہ کی سزا (تعزیر) حدود میں شامل نہیں اور قابل معافی بھی ہے اور یہاں چار گواہوں کی ضرورت بھی نہیں بلکہ دو گواہوں یا محض قرائن سے بھی کام چل سکتا ہے۔ ۳/اگست کو ہمدرد سنٹر میں حدود قوانین پر علما کے اجلاس کے اعلامیہ کی ایک شق یہ ہے: ’’زنا بالرضا اور زنا بالجبر کی تقسیم کرکے زنا بالجبر کو حرابہ کے تحت داخل کرنا قرآن وسنت کی باطل تعبیر ہے۔ زنا کے لئے موجب ِحد نصابِ شہادت دستیاب نہ ہو اور اقرارِ جرم بھی نہ ہو لیکن کم تر شہادت یا قرائن قطعیہ غالبہ موجود ہوں اور قاضی کو ارتکابِ جرم کا ظن غالب یا یقین ہوجائے تو وہ مجرم کو تعزیراً انتہائی سزا بھی دے سکتا ہے۔‘‘ مختصراً اس تفصیل سے پتہ چلتا ہے کہ اسلام کی رو سے زنا بالجبر کی سزا اور نصابِ شہادت میں عام زنا سے کوئی فرق نہیں ، البتہ حالات کی سنگینی کے تحت قاضی اس میں فساد فی الارض کے جرم کو شامل کرسکتا ہے لیکن دونوں جرائم کو خلط ملط کرنے کی بجائے اُنہیں قرآنی سیاق میں ہی رہنے دیا جائے کیونکہ ہر دو نوعیت کے جرائم کے احکام،طریقہ ثبوت اور حکمتیں علیحدہ علیحدہ ہیں ۔ الغرض شریعت ِاسلامیہ کے موقف اور مجوزہ ترامیم میں دو اساسی فرق ہیں : 1. جرم کی بعض صورتوں میں دو تین جرائم کا ارتکاب ہوسکتا ہے مثلاً کسی واردات میں چوری اور زنا دونوں جمع ہوسکتے ہیں لیکن دونوں جرائم کی تفصیلات اپنی اپنی جگہ باقی رہتی ہیں ۔ جبکہ مجوزہ ترامیم میں زنا بالجبر کو ایک مستقل جرم قرار دے کر حرابہ بنایا جارہا ہے اور اس طرح زنا کو اس نصابِ شہادت اور سزا سے نکالا جارہا ہے جو اسلام نے مقرر کی ہے۔ یہ موقف درست نہیں ۔ مولانا عبد الرحمن مدنی کا محدث (شمارۂ جون) میں اس پر موقف شائع ہوچکا ہے : ’’زنا بالجبر کا جرم حرابہ سے کوئی تعلق نہیں ، زنا کی سزا قرآن وسنت میں واضح طورپر بیان کردی گئی ہے، اس میں سے زنا بالجبر کو خاص کرکے حرابہ کے تحت داخل کرنے کی کوئی دلیل کتاب وسنت میں موجود نہیں ، نہ خلفاے راشدین کے دور سے اس کی کوئی مثال ملتی ہے۔‘‘ (صفحہ:۴۱)
x
صفحہعنوان
2’حدود قوانین اورحکومتی ترامیم‘قانون و شرع کی نظر میں
39سورۃ الفیل کی غلط تاویل
54تضمین بر شعر اقبال رحمۃ اللہ علیہ
55مسواک کے بارے میں چند سوالات ، صبح کی سنتیں
59حدود آرڈیننس کو ’حدود اﷲ‘ کیسے بنایا جائے!؟
75فاضلینِ جامعہ لاہور الاسلامیہ کی رابطہ کونسل کا تیسرا اِجلاس
Flag Counter