امام محمد نصر مروزی رحمہ اللہ انکارِ حدیث کے ردّ میں امام کی خدمات مولانا عبد السلام کیلانی مدنیؔ امام لقب، شیخ الاسلام خطاب، ابو عبد اللہ کنیت ہے۔ ان کا نام نامی محمد اور والد کا نام نصر ہے۔ خراسان کے ایک قدیم اور بین الاقوامی شہرت یافتہ علمی مرکز ’’مرو‘‘ کی طرف نسبت کی وجہ سے مروزی کہلاتے تھے۔ ان کی پیدائش ۲۰۲ھ میں بغداد شہر میں ہوئی جب کہ وہ علم و سیاست کا گہوارہ بن چکا تھا۔ ابتدائی تعلیم اور نشوونما نیشا پور کے حصہ میں آئی۔ پھر علم کی پیاس بجھانے کے لئے دنیا کا کونا کونا چھان مارا۔ بالآخر سمر قند [1]میں رہائش پذیر ہوئے۔ اساتذہ: جس شخص کو اللہ تعالیٰ قابلیت، جذبہ شوق، محنت اور محبت علم کے علاوہ چوٹی کے اساتذہ کی صحبت سے استفادہ کرنے کا مقع بھی بہم پہنچا دے۔ اس کی خوش قسمتی کا کون اندازہ لگا سکتا ہے یہی حال امام موصوف کا تھا۔ چنانچہ وہ مشہور علمائے کرام جن سے انہوں نے براہِ راست استفادہ کیا، ان میں سے اکثر و بیشتر امام بخاری اور امام مسلم کے اساتذہ تھے۔ ذیل میں ایسے چند ایک اساتذہ |