Maktaba Wahhabi

445 - 492
اور حضرت براء رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ (کَانَ رَسُولُ اللّٰہِ صلی اللّٰه علیہ وسلم إِذَا قَالَ سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہُ:لَمْ یَحْنِ أَحَدٌ مِّنَّا ظَہْرَہُ حَتّٰی یَقَعَ النَّبِیُّ صلی اللّٰه علیہ وسلم سَاجِدًا ، ثُمَّ نَقَعُ سُجُودًا بَعْدَہُ) ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہُ کہتے تو ہم میں سے کوئی شخص اپنی پیٹھ کو نہیں جھکاتا تھا ، یہاں تک کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سجدے میں چلے جاتے۔پھر ہم بھی سجدے میں گر جاتے۔‘‘[1] 5۔ پیاز یا لہسن وغیرہ کھا کر با جماعت نماز پڑھنے کیلئے مسجد میں آنا بعض لوگ کچا پیاز یا کچا لہسن کھانے کے بعد سیدھے مسجد میں چلے آتے ہیں ، جبکہ ان کے منہ سے بد بو آرہی ہوتی ہے۔پھر اسی حالت میں وہ نماز بھی پڑھتے ہیں جو کہ بہت بڑی غلطی ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: (مَنْ أَکَلَ ثَوْمًا أَوْ بَصَلًا فَلْیَعْتَزِلْنَا ، أَوْ لِیَعْتَزِلْ مَسْجِدَنَا ، وَلْیَقْعُدْ فِی بَیْتِہِ) ’’ جو شخص لہسن یا پیاز کھائے تو وہ ہم سے دور رہے(یا آپ نے فرمایا)وہ ہماری مسجد سے دور رہے اور اپنے گھر میں ہی بیٹھا رہے۔‘‘[2] دوسری روایت میں ہے(مَنْ أَکَلَ الْبَصَلَ وَالثَّوْمَ وَالْکُرَّاثَ فَلَا یَقْرَبَنَّ مَسْجِدَنَا فَإِنَّ الْمَلَائِکَۃَ تَتَأَذَّی مِمَّا یَتَأَذَّی مِنْہُ بَنُو آدَمَ) ’’ جو شخص پیاز ، لہسن اور کڑی کھائے تو وہ ہماری مسجد کے قریب تک نہ آئے کیونکہ فرشتوں کو بھی ہر اُس چیز سے اذیت پہنچتی ہے جس سے انسانوں کو اذیت پہنچتی ہے۔ ‘‘[3] محترم حضرات ! ہم نے نمازیوں کی بہت ساری اخطاء کی نشاندہی کر دی ہے۔لہٰذا تمام مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ ان اخطاء سے بچیں اور نمازیں سنت ِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق پڑھیں۔تاکہ ان کی نمازیں اللہ تعالی کے ہاں قابل قبول ہو جائیں۔اللہ تعالی سب کو اِس کی توفیق دے۔
Flag Counter