مسجد نبوی میں ایک نماز کی فضیلتحضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : (( صَلاَۃٌ فِیْ مَسْجِدِیْ ہٰذَا خَیْرٌ مِنْ أَلْفِ صَلاَۃٍ فِیْمَا سِوَاہُ إِلَّا الْمَسْجِدَ الْحَرَامَ [1])) ’’ میری اس مسجد میں ایک نماز دوسری مساجد میں ایک ہزار نمازوں سے بہتر ہے سوائے مسجد حرام کے ۔ ‘‘یاد رہے کہ وہ احادیث جن میں مسجد نبوی میں ایک نماز کی فضیلت اس سے زیادہ بیان کی گئی ہے ، یاان میں چالیس نمازوں کی فضیلت ذکر کی گئی ہے وہ سندا ضعیف ہیں ۔ روضۃ من ریاض الجنۃ حضرت عبد اللہ بن زید المازنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : (( مَا بَیْنَ بَیْتِیْ وَمِنْبَرِیْ رَوْضَۃٌ مِنْ رِیَاضِ الْجَنَّۃِ )) [2]’’ جو قطعۂ زمین میرے گھر اور میرے منبر کے درمیان ہے وہ جنت کے باغوں میںسے ایک باغ ہے ۔ ‘‘ مسجد قبا ء کی فضیلتمسجد قبا وہ مسجد ہے جس کی بنیاد خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہجرت مدینہ کے موقعہ پر رکھی تھی اور اس میں نماز بھی پڑھی تھی ۔ اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہر ہفتے کو اس مسجد میں آتے ، پیدل چل کر یا سواری پر اور اس میں دو رکعات ادا فرماتے۔ جیسا کہ حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ نے روایت کیا ہے ۔[3]اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس میں نماز پڑھنے کی فضیلت یوں بیان فرمائی : (( مَنْ تَطَہَّرَ فِیْ بَیْتِہٖ ثُمَّ أَتٰی مَسْجِدَ قُبَائَ فَصَلّٰی فِیْہِ صَلَاۃً کَانَ لَہُ کَأَجْرِ عُمْرَۃٍ [4])) ’’جس شخص نے اپنے گھر میں وضو کیا ، پھر مسجد قباء میں آیا اور اس میں نماز پڑھی تو اسے عمرہ کے ثواب کے برابر ثواب ملے گا ۔ ‘‘ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کو بار بار زیارتِ حرمین شریفین کی توفیق دے ۔آمین