بسم ا للّٰه الرحمن الرحيم حرف ِ آغاز (طبع اول) دین ِ اسلام جو زندگی کے تمام شعبوں پر مشتمل ہے، اُ س کی تبلیغ واشاعت کے لیے اللہ تعالیٰ نے حضرات الانبیاء علیہم السلام کا سلسلہ جاری فرمایا تاکہ لوگوں کے لیے اس سے لاعلمی کا عذر باقی نہ رہے۔چنانچہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: {رُسُلاً مُّبَشِّرِیْنَ وَمُنْذِرِیْنَ لِئَلَّایَکُوْنَ لِلنَّاسِ عَلَی اللّٰہِ حُجَّۃٌ م بَعْدَ الرُّسُلِ} (سورۃ النسآء:۱۶۵) ’’سب رسولوں کو (اللہ تعالیٰ نے)خوشخبری سنانے والے اور ڈرانے والے (بناکر بھیجا تھا) تاکہ رسولوں کے آنے کے بعد لوگوں کو اللہ پر کسی قسم کے الزام کا موقع نہ رہے۔‘‘ نبی ٔآخر الزمان صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد نبوت کا دروازہ ہمیشہ کے لیے بند ہوچکا ہے ،اس لیے اب علماء ِ حق کی یہ اہم ذمہ داری ہے کہ وہ انبیاء کرام کے اس مقدّس مشن کوزندہ رکھیں اور لوگوں کو دین ِ اسلام سے روشناس کرائیں۔ زیر ِ نظر کتاب اِسی ذمہ داری سے عہدہ بر آہونے کے لیے شائع کی جارہی ہے،جو شیخ الاسلام محمد بن سلیمان التمیمی رحمہ‘ اللہ کی تالیف کردہ ہے اور اسکارواں دواں اردو ترجمہ ہمارے فاضل دوست مولانا محمد منیر قمر سیالکوٹی نے کیا ہے۔ یہ رسالہ دو حصوں پر مشتمل ہے۔پہلے حصہ میں تین اہم دینی اصول،تفصیل سے بیان کیے گئے ہیں،جبکہ دوسرے حصہ میں دین ِ اسلام کے اہم رکن اور ستون ’’نماز‘‘ کے ضروری مسائل کو اختصار کے ساتھ واضح کیا گیا ہے۔ |