عرض ناشر
یوں تو سرور کونین، فخر موجودات ، خاتم النبیین ، رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ پر بے شمار چھوٹی اور بڑی کتابیں شائع ہو چکی ہیں اور تاقیامت ان شاء اللہ اس لڑی کے موتیوں میں اضافہ ہوتا رہے گا اور مکہ کے درّیتیم کی حیات باسعادت پر لکھنے کا سلسلہ جاری و ساری رہے گا مگر ہم یہ بات کہنے میں کوئی جھجک محسوس نہیں کرتے کہ آج تک جو کچھ بھی صفحہ قرطاس کی زینت بنا وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی مدح سرائی کا حق ادا نہ کر پایا اور جو کچھ آئندہ لکھا جائے گا اس میں بھی یہ تشنگی باقی رہے گی کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک ایک صفت پر لکھا جائے تو آسانی سے اتنا مواد میسر آ سکتا ہے کہ جو کئی ضخیم کتابوں کا بطن بھرنے کے لیے کافی ہو گا۔
یہ بات مسلم ہے کہ ہر لکھنے والا جب اپنے خاص انداز او رمخصوص زاویہ سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں خراج عقیدت پیش کرتا ہے توآقائے نامدار صلی اللہ علیہ وسلم کےاوصاف حمیدہ انتہائی دلکش اور خوبصورت انداز میں اجاگر ہوتے چلے جاتے ہیں۔
یہ کتاب جو اس وقت آپ کے ہاتھوں میں ہےاسی خوبصورت سلسلہ کی ایک بہترین کڑی ہے، جس میں محبوب کائنات محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی خصوصیات اور معجزات کا تذکرہ انتہائی احسن پیرائے پر کیا گیا ہے۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیل و نہار کو بہترین دلکش انداز میں قلمبند کیا گیا۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے کمالات و اخلاق کو خوبصورت انداز کے ساتھ سپرد قلم کیا گیا ہے۔ہم نے اس کتاب کی تیاری میں مندرجہ ذیل امور کوخاص طور پر مدنظر رکھا ہے۔
1۔ہر عنوان کو صفحہ پر مستقل سرخی کے ذریعے واضح کیا گیا ہے۔
2۔ایک ہی عنوان کے تحت اگر کئی سرخیاں(موضوعات)آئیں تو انہیں الگ سے مستقل عنوان کادرجہ دے کر لکھا گیا ہے۔
3۔آیات و احادیث کی عبارت من وعن نقل کی گئی ہے۔
4۔اعراب کا خاص طور پر خیال رکھا کیا ہے۔
5۔ہر آیت کریمہ اور تمام احادیث کی تخریج کی گئی ہے تاکہ باآسانی حوالہ تلاش کیا جا سکے۔
|