Maktaba Wahhabi

84 - 211
دوسرا باب روحانی تربیت ماں کا کردار: بچوں کی جسمانی تربیت کے ساتھ ضروری ہے کہ بچوں کی دینی، اسلامی، روحانی اور اخلاقی تربیت بھی کی جائے، اس سلسلے میں ماں کا کردار باپ سے زیادہ اہم ہے، کیونکہ بچے کی سب سے پہلی تربیت گاہ ماں کی آغوش ہے۔بچہ، ماں کے ایک ایک قطرۂ شِیر کے ساتھ اس کے اخلاق و عادات کو بھی اپنے دل ودماغ میں اتارتا جاتا ہے۔ماں اگر مومنہ و مسلمہ اور پابندِ شریعت ہے تو بچے سے بھی یہ امید کی جاسکتی ہے کہ وہ آیندہ چل کر صاحبِ ایمان اور پابندِ شرع ہوگا۔اگر بد قسمتی سے ماں ہی دین و ایمان سے خالی، آزاد خیال اور فیشن کی دل دادہ ہے تو اس سے پیدا ہونے والی نسل بھی فیشن پرست، دین بے زار اور اسلامی تربیت سے عاری ہوگی۔ صحابیات اور اللہ تعالیٰ کی دیگر نیک بندیوں کے بے شمار واقعات ہیں کہ ان کی حُسنِ تربیت کی وجہ سے ان کی گودوں سے ایک ایسی نسل پیدا ہوئی، جنھوں نے آدھی سے زیادہ دنیا کو علم وعرفان، حق و صداقت، عدالت و شجاعت اور اخلاص و للّٰہیت سے بھر دیا۔صحابیات چھوٹے چھوٹے بچوں تک کو روزہ رکھواتیں، اگر وہ بھوک سے رونے لگتے تو کھلونوں سے ان کے دل بہلاتیں۔
Flag Counter