Maktaba Wahhabi

96 - 292
شکر کی صبر پر افضلیت والوں کے دلائل : بلاشبہ تم نے زیادتی کی تم نے اس کو دوسرے پر افضل قرار دیا ہے جو دوسرے سے افضل نہیں ہے۔ تم نے وسیلے کو مقصود پر فضیلت دی ہے اور جو خود مطلوب نہیں ہے اس کو مطلوب پر فضیلت دی ہے اور کامل عمل کو اکمل اور افضل عمل پر فضیلت دی ہے۔ تم نے شکر کے مرتبے کو جانا ہی نہیں بے شک اللہ تعالیٰ نے تخلیق کے مقصد کے ساتھ اس کو جوڑا ہے اور صبر اس کا خادم اور وسیلہ ہے۔ (فَاذْكُرُونِي أَذْكُرْكُمْ وَاشْكُرُوا لِي وَلَا تَكْفُرُونِ) (البقرة:152) ’’سو تم مجھے یاد کرو، میں تمھیں یاد کروں گا اور میرا شکر کرو اور میری نا شکری مت کرو۔‘‘ اسی طرح اللہ تعالیٰ نے شکر کو ایمان کے ساتھ جوڑا ہے اور وضاحت فرمائی ہے کہ اگر تم شکر کرو گے اور ایمان لاؤ گے تو مجھے عذاب دینے سے کیا غرض ہے: (مَّا يَفْعَلُ اللّٰہُ بِعَذَابِكُمْ إِن شَكَرْتُمْ وَآمَنتُمْ ۚ وَكَانَ اللّٰہُ شَاكِرًا عَلِيمًا) (النساء:147) ’’اللہ تمھیں عذاب دینے سے کیا کرے گا، اگر تم شکر کرو اور ایمان لے آؤ۔‘‘ اللہ تعالیٰ نے شکر کرنے والوں کے لیے اپنے احسان کو خاص کیا ہے: (وَكَذَٰلِكَ فَتَنَّا بَعْضَهُم بِبَعْضٍ لِّيَقُولُوا أَهَـٰؤُلَاءِ مَنَّ اللّٰہُ عَلَيْهِم مِّن بَيْنِنَا ۗ أَلَيْسَ اللّٰہُ بِأَعْلَمَ بِالشَّاكِرِينَ) (الانعام:53) ’’اور اسی طرح ہم نے ان میں سے بعض کی بعض کے ساتھ آزمائش کی ہے، تاکہ وہ کہیں کیا یہی لوگ ہیں جن پر اللہ نے ہمارے درمیان میں سے احسان فرمایا ہے؟ کیا اللہ شکر کرنے والوں کو زیادہ جاننے والا نہیں؟‘‘ اللہ تعالیٰ نے لوگوں کو شکر کرنے والے اور کفر کرنے والے دو گروہوں میں تقسیم کیا ہے اور اللہ کو ناپسندیدہ وہ لوگ ہیں جو کفر کا ارتکاب کریں اور شکر کرنے والے اللہ کے نزدیک پسندیدہ لوگ ہیں۔جیسا کہ فرمایا:
Flag Counter