Maktaba Wahhabi

12 - 292
جامع ترمذی میں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’وہ مومن جو لوگوں میں مل جاتا ہے اورتکالیف پر صبر کرتا ہے وہ دوسروں سے بہتر ہے۔‘‘ اور صحیح بخاری کی روایت میں ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’کسی کو بھی ایسا عطیہ نہیں دیا گیا جو صبر سے زیادہ کشادہ اور بہتر ہو۔‘‘ لہٰذا ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ صبر کے دامن کو تھامے رکھے۔ کیونکہ یہ عمل بہت بڑے اجر کا باعث اور اللہ تعالیٰ کا نہایت پسندیدہ ہے۔جسے اللہ نے قرآن میں ’’صبر جمیل‘‘ کہاہے۔ غرض یہ کہ صبر اللہ تعالیٰ کی ایسی نعمت ہے جو انسان کو دوسروں کے آگے گرنے ہی نہیں دیتی۔ یہ کتاب اسی عظیم عمل یعنی ’’صبر جمیل ‘‘ پر لکھی گئی ہے۔ اس میں صبر کی تعریف ، فضیلت، اہمیت ، اسباب و ذرائع ، اقسام اور فوائد کے ساتھ ساتھ صالحین کے اُن واقعات کو بھی بیان کیا گیا ہے جن میں وہ ’’صبر جمیل‘‘ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دین اسلام پر ثابت قدم رہے۔ ثابت قدمی بھی ایسی تھی کہ جنتوں کے وارث بن گئے۔ جہاں ضرورت محسوس ہوئی سوالات اخذ کر کے ان کے جوابات کو دلائل سے مزین کیا ہے تاکہ قارئین کو مزید آسانی ہو۔ کتاب کا پہلا حصہ الشیخ راشد حسنحفظہ اللہ کی کاوش ہے، دوسرا حصہ امام ابن ابی الدنیا کی جمع کردہ احادیث رسول، اقوالِ صحابہ و تابعین پر مشتمل ہے ۔آخری حصہ فضیلۃ الشیخ صالح المنجد کے رسالہ سے اقتباس کیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور مؤلفین و جملہ معاونین کی نجات کا ذریعہ بنائے۔ آمین یا رب العالمین! آپ کا بھائی ابو یحییٰ محمد زکریا زاہد
Flag Counter