Maktaba Wahhabi

509 - 692
2: دو مختلف چیزوں کی ’’بیع‘‘:مثلاً:سونا چاندی کے ساتھ اور گندم کھجور کے ساتھ،جبکہ ایک حاضر اور دوسری ادھار ہو،اس لیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:’لَا تَبِیعُوا مِنْھَا غَائِبًا بِنَاجِزٍ‘ ’’ان میں سے غائب کو حاضر کے بدلے نہ بیچو۔‘‘[1] اور فرمایا:’اَلْوَرِقُ بِالذَّھَبِ رِبًا إِلَّا ھَائَ وَھَائَ‘’’چاندی سونے کے عوض فروخت کرنا سود ہے مگر یہ کہ لین دین اسی وقت ہو۔‘‘[2] 3: ایک چیز کا تبادلہ اپنی جنس کے ساتھ ہے اور مقدار میں دونوں برابر ہیں مگر ان میں سے ایک حاضر اور دوسری ادھار ہے،مثلاً:سونے کی بیع سونے کے ساتھ برابر ہے یا کھجور کی بیع کھجور کے ساتھ برابر برابر ہے۔مگر ایک کا سونا یا کھجور ادھار ہے،اس لیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:’اَلْبُرُّ بِالْبُرِّ رِبًا إِلَّا ھَائَ وَھَائَ‘ ’’گندم گندم کے ساتھ سود ہے مگر یہ کہ لین دین اسی وقت ہو جائے۔‘‘[3] نقد ادائیگی اور اجناس کے مختلف ہونے کی صورت میں سود نہیں ہوتا: یعنی ایک ایسی بیع جس میں قیمت اور جس کی قیمت لگائی گئی ہے دونوں مختلف اجناس ہیں تو اس میں سود نہیں ہے،ا لّا یہ کہ اس میں ادھار ہو۔بنا بریں سونے کی بیع چاندی کے ساتھ کم و بیش جائز ہے،اسی طرح گندم کی بیع کھجور کے ساتھ اور نمک کی بیع جو کے ساتھ کم و بیش جائز ہے،جبکہ ان میں کوئی ایک ادھار نہ ہو۔٭ اس لیے کہ آپ کا فرمان ہے: ((إِذَا اخْتَلَفَتْ ھٰذِہِ الْأَصْنَافُ فَبِیعُوا کَیْفَ شِئْتُمْ،إِذَا کَانَ یَدًا بِیَدٍ)) ’’جب ان(اشیاء)کی اجناس مختلف ہو جائیں تو جس طرح چاہو بیچو،جبکہ لین دین دست بدست ہو جائے۔‘‘[4] ٭ اگر ایک ہی جنس،مثلاً:کھجور کے تبادلے میں کمتر کھجور کے عوض اعلیٰ کھجور حاصل کرنا مقصود ہو تو اس کا طریقہ یہ ہے کہ ردی کھجور بیچی جائے اور اس کی قیمت سے اعلیٰ کھجور خریدی جائے۔یہی اصول دیگر سودی اجناس میں بھی چلے گا۔واللہ اعلم(ع،ر) ٭ اور اگر دونوں طرف کی کھجور ہر لحاظ سے ایک ہی نوعیت اور معیار کی ہے تو پھر ان کے تبادلے کے لیے دو شرطیں ہیں:1. مقدار میں دونوں برابر ہوں۔2.دونوں فریق موقع پر ہی ایک دوسرے سے کھجور وصول کریں تا کہ وہ شریعت کی مخالفت اور سود کے شائبوں سے بچ جائے واللہ اعلم۔(عبدالسلام کیلانی) ٭ بعض نا سمجھ لوگ کہہ دیتے ہیں کہ اگر ادھار ہو بھی جائے تو کیا حرج ہے۔حالانکہ سب سے بڑا حرج یہی ہے کہ اس سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نافرمانی لازم آتی ہے۔(ع،ر)
Flag Counter