Maktaba Wahhabi

112 - 322
’’اگر کوئی مرد کسی خاتون پر دست درازی کا ارادہ کرے اور قتل کیے بغیر خاتون کے لیے اسے دور ہٹانا ممکن نہ ہو، تو اس پر بشرطِ استطاعت اس شخص کو قتل کرنا واجب ہوگا۔‘‘ ۔۱۸۔ مردوں پر ناموسِ خواتین کے تحفظ کی فرضیت اسلامی شریعت میں مردوں پر فرض ہے، کہ خواتین کی عزت پامال کرنے والے خطرات سے اُن کی حفاظت کریں، خطرہ چاہے خارجی ہو یا خود خواتین ہی کی طرف سے ہو۔ توفیقِ الٰہی سے ذیل میں اس بارے میں چار باتیں پیش کی جارہی ہیں: ا: اگر کوئی مرد اس فریضہ کے ادا کرتے ہوئے قتل ہوجائے، تو وہ [شہادت] کا عظیم اعزاز پاتا ہے۔ حضراتِ ائمہ احمد، ابوداؤد، ترمذی اور نسائی نے حضرت سعید بن زید رضی اللہ عنہ سے روایت نقل کی ہے، (کہ) انھوں نے بیان کیا: ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’وَمَنْ قُتِلَ دُوْنَ أَہْلِہٖ فَہُوَ شَہِیْدٌ۔‘‘[1] ’’اور جو شخص اپنے اہل کا دفاع کرتے ہوئے قتل ہوجائے، سو وہ شہید ہے۔‘‘ ملا علی قاری (وَمَنْ قُتِلَ دُوْنَ أَہْلِہٖ) کی شرح میں لکھتے ہیں: ’’أَيْ عِنْدَ مُحَافَظَۃِ مَحَارِمِہٖ۔‘‘[2]
Flag Counter