Maktaba Wahhabi

84 - 190
(۱) اللہ تعالیٰ پر جھوٹ باندھنا اللہ تعالیٰ کی طرف ایسی بات منسوب کرنا ، جو کہ انہوں نے نہ فرمائی ہو، جھوٹ کی بدترین قسم ہے۔ شیخ الاسلام ابن تیمیہ لکھتے ہیں : ’’جھوٹ برائی کی جڑ ہے اور اس میں سے سب سے سنگین اللہ عزوجل پر جھوٹ باندھنا ہے۔‘‘[1] متعدد آیات اور احادیث میں اس قسم کے جھوٹ کی سنگینی ، اس کے بولنے والے کے بُرے انجام اور اس کی مختلف شکلوں کا ذکر کیاگیا ہے۔ توفیق الٰہی سے اس بارے میں قدرے تفصیلی گفتگو درج ذیل تین عنوانات کے تحت پیش کی جا رہی ہے: ا: اللہ تعالیٰ پر جھوٹ باندھنے کی قباحت ب: اللہ تعالیٰ پر جھوٹ باندھنے کا بُرا انجام ج: اللہ تعالیٰ پر جھوٹ باندھنے کی شکلیں ا۔ اللہ تعالیٰ پر جھوٹ باندھنے کی قباحت: اس سنگین گناہ کی برائی پر دلالت کرنے والی متعددآیات میں سے صرف تین کے حوالے سے ذیل میں تفصیل ملاحظہ فرمائیے: ا:سب سے بڑا ظلم: اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا: {فَمَنْ أَظْلَمُ مِمَّنِ افْتَرٰی عَلَی اللّٰہِ کَذِبًا}[2] [پس اس سے بڑا ظالم کون ہو گا، جو اللہ تعالیٰ پر جھوٹ باندھتا ہے؟] قاضی ابو سعود نے آیت شریفہ کی تفسیر میں لکھا ہے: ’’معنی یہ ہے، کہ [ایسا شخص ] ہر ظالم سے بڑا ظالم ہے۔‘‘ [3]
Flag Counter