Maktaba Wahhabi

46 - 59
12 دشمنان ِ اسلام کی سازشوں کی خبر رکھنا: اللہ تعالیٰ کا ارشادِ گرامی ہے: {وَکَذَالِکَ نُفَصِّلُ الْاٰیٰتِ وِلِتَسْتَبِیْنَ سَبِیْلُ الْمُجْرِمِیْنَ} (سورۃ الانعام:۵۵) ’’اسی طرح ہم آیات کی تفصیل کرتے رہتے ہیں تاکہ مجرمین کا طریقہ ظاہر ہوجائے۔‘‘ دشمنان ِ اسلام ہر وقت اسلام اور مسلمانوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش میں رہتے ہیں اور اس سازش میں مصروف رہتے ہیں کہ مسلمانوں کو کیسے ان کے دین سے دور کیاجائے؟ یہ اس لیے کہ جب تک مسلمان اپنے دین سے آشنا رہے گا اور دین کے ذریعہ اپنے رب سے تعلّق بنائے رکھے گا ، تب تک دنیا کی کوئی طاقت اسے نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ اس مقصد کے لیے دشمنانِ اسلام نے کئی منصوبے آزمائے، اسلامی تعلیمات کا غلط تصوّر لوگوں میں عام کرکے لوگوں کو اسلام سے متنفر کر دینا چاہا۔ کبھی اسلام پر عورتوں کی حق تلفی او ر ان پر ظلم کرنے والا دین ہونے کا الزام لگایا، کبھی اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر تہمتیں باندھیں تو کبھی اسلامی تاریخ کی غلط بیانی سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم پر کیچڑ اچھالا۔ کبھی اسلام کے ان مسائل پر کلام کیا گیا جن میں مسلمانوں کو زیادہ بحث و مباحثہ سے منع فرمایا گیا ہے مثلاً کبھی اللہ کے اسماء و صفات پر سوالات اٹھائے اور کبھی تقدیر پر شکوک کی بوچھاڑ کر دی۔ دشمنانِ اسلام کی اِنہی گھناؤنی حرکتوں اور اس پر مستزادمسلمانوں کی اپنے دین سے جہالت اور دشمنانِ اسلام کی سازشوں سے بے خبری ہی کا نتیجہ ہے کہ آج لوگوں میں اسلام کے متعلق غلط فہمیاں موجود ہیں ۔ اس لیے مسلمان کو اچھی اور بھلی باتوں کے ساتھ ساتھ برائی اور دشمنانِ اسلام کی شر پسندانہ سازشوں کا بھی علم ہونا چاہیئے۔ اور دشمنانِ اسلام کے پیدا کیے ہوئے شکوک وشبہات کے ازالہ کے لیے علماء کی طرف رجوع کرنا چاہیئے، تاکہ مسلمان اپنے دین کے خلاف کی جانے والی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکے
Flag Counter