حرفِ اوّل عصر حاضر میں بے حیائی کا سیلاب عفت و عصمت اور شرم و حیاء کے تمام بند توڑنے کے لیے کیل کانٹے سے لیس ہو کر مسلمان معاشروں کے بگاڑ و فساد میں مصروفِ یلغار ہے اور مسلمان عورت خصوصی طور پر اس کا ہدف ہے۔ آج ملت اسلامیہ ایک ایسے دوراہے پر کھڑی ہے جس کے ایک طرف بے حیائی و بے شرمی اور برہنگی کا سیلاب ہے تو دوسری طرف اسلا م کی پاکیزہ تہذیب و تعلیم اور ثقافت ہے۔ اب ان دونوں راستوں میں سے اس نے ایک کا انتخاب کرنا ہے۔ مغربی ذرائع ابلاغ اور لادینی حکومتوں کی کوشش ہے کہ ملت اسلامیہ تہذیب مغرب کی پیرو کار بن کر ذلت و گمراہی کے گہرے سمندروں میں غرقاب ہو جائے اور اسلام پسند مخلص طبقات ملت اسلامیہ کو اسلامی رنگ میں رنگنے کے لیے کوشاں ہیں ۔ دعوت و تبلیغ اور ’’خواتین کے مخصوص مسائل‘‘ اپنے موضوع پر ایک جامع کتاب ہے ، اس کتاب میں عورت کے بارے عام مسائل و احکام کے ساتھ ساتھ خواتین اسلام کی جسمانی طہارت و زینت کے احکام و مسائل ، پردہ ، لباس ، نماز ، روزہ اور حج کے احکام و مسائل ، ازدواجی زندگی کے احکام و مسائل اور خواتین کی عزت و ناموس اور عفت و شرافت کو تحفظ فراہم کرنے والے احکام و مسائل بالتفصیل بیان کیے گئے ہیں ۔ کتاب دس ابواب پر منقسم ہے جس میں ۱۱۸ عنوانات بیسیوں آیات اور سینکڑوں احادیث سے مزین ہیں ۔ اس کتاب کے مؤلف عرب دُنیا کے مشہور سکالر فضیلۃ الشیخ علامہ صالح بن فوزان الفوزان (کثر اللہ امثالہ) ہیں ۔ جنہوں نے اپنے وسیع تر مطالعہ اور موجودہ حالات پر گہری نظر رکھتے ہوئے اس کتاب کو ترتیب دیا ہے۔ اصل کتاب عربی میں ہے جس کا ترجمہ کرنے کی سعادت ڈاکٹر رضاء اللہ مبارکپوری حفظہ اللہ کے حصہ میں آئی۔ کتاب میں موجود آیات و احادیث کی علمی تحقیق و تخریج ہمارے بھائی حافظ حامد محمود خضری نے کی۔ کتاب کے ناشر محترم جناب منور حسین سپرا نے تہذیب و نظر ثانی کے لیے راقم الحروف سے رابطہ کیا تو وہ باوجود اپنی تدریسی مصروفیات اور ناسازیٔ طبع کے انکار نہ کر سکا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مسلم معاشرے کی خواتین کو اس کتاب سے کما حقہ فائدہ اُٹھانے کی توفیق عطا فرمائے اور مؤلف ، مترجم ، مخرج و مصحح، ناشر اور راقم الحروف کے لیے ذخیرۂ آخرت بنائے۔ ورحم اللّٰہ عبداً قال آمین راقم الحروف منیر احمد وقار استاذ الحدیث: جامعہ ام حبیبہ رضی اللہ عنہا للبنات ، لاہور ۱۵/ نومبر ۲۰۰۶ء |
Book Name | خواتین کے مخصوص مسائل کتاب و سنت کی روشنی میں |
Writer | الشیخ صالح بن فوزان الفوزان |
Publisher | دار المعرفہ |
Publish Year | 2006 |
Translator | الشیخ رضاء اللہ مبارکپوری |
Volume | |
Number of Pages | 155 |
Introduction |