Maktaba Wahhabi

488 - 868
"اور تمہارا رب فرماتا ہے کہ مجھے پکارو،میں تمہاری دعا قبول کروں گا۔" اللہ تعالیٰ نے دعا کی قبولیت کو اس بات پر مرتب فرمایا ہے کہ بندہ اپنے رب کی بات قبول کرنے والا اور اس پر کامل یقین رکھنے والا ہو۔تو میں اللہ کی طرف رجوع سے بڑھ کر اور کوئی چیز قوی نہیں پاتا کہ بندہ اسی کے حضور دعاگو رہے اور اپنی زاری و عاجزی کا اظہار کرتا رہے۔اور مشکلات سے نکلنا صبر ہی کے ساتھ ہے۔نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے،آپ نے فرمایا: وَاعْلَمْ أَنَّ النَّصْرَ مَعَ الصَّبْرِ،وَأَنَّ الْفَرَجَ مَعَ الْكَرْبِ،وَأَنَّ مَعَ الْعُسْرِ يُسْرًا "یقین رکھو کہ نصرت اور مدد صبر کے ساتھ ہے،فراخی و کشادگی دکھوں اور تکلیفوں کے ساتھ ہے،اور تنگی کے ساتھ آسانی ہے۔" [1] میں ان کے لیے اور ان جیسی سب عورتوں کے لیے دعاگو ہوں کہ اللہ ان کے لیے آسانی پیدا فرمائے اور ان کےلیے نیک صالح بر مقدر فرمائے جو دین و دنیا کی صلاح کے ساتھ ان کی طرف متوجہ ہوں۔واللہ اعلم (محمد بن صالح عثیمین) سوال:ایک خاتون پوچھتی ہے کہ میرے متعلق ایک قریبی نے پیغام بھیجا ہے لیکن میں نے سنا ہے کہ غیروں میں شادی کرنا بچوں کے حوالے سے بہت بہتر ہوتا ہے۔اس بارے میں آپ کیا رائے رکھتے ہیں؟ جواب:یہ بات کہ وراثت کا انسان کی زندگی میں اور آگے بھی اثر ہوتا ہے،کئی اہل علم نے اس کا ذکر کیا ہے۔بلکہ انسان کی عادات اور اس کی ظاہری شکل و شباہت پر بھی اس کا اثر ہوتا ہے۔حدیث میں آتا ہے کہ ایک آدمی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور کہنے لگا کہ میری بیوی نے بچے کو جنم دیا ہے اور وہ کالے رنگ کا ہے۔اس میں اس کا اشارہ تھا کہ بچہ کیونکر کالا ہو سکتا ہے جب کہ ماں باپ دونوں سفید ہیں؟ تو آپ نے فرمایا:کیا تیرے پاس اونٹ ہیں؟ اس نے کہا:جی ہاں۔آپ نے پوچھا:ان کے رنگ کیا ہیں؟ کہا کہ سرخ ہیں۔آپ نے پوچھا:کیا ان میں کوئی سیاہی مائل بھی ہے؟ اس نے کہا:جی ہاں۔آپ نے پوچھا:وہ کہاں سے آ گئے ہیں؟ اس نے کہا:شاید ان کو کسی رگ نے کھینچا ہو گا!تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "تیرا یہ بیٹا،اسے بھی کسی رگ نے کھینچا ہے۔" [2]
Flag Counter