جبکہ تمام بدعات سے بچنے کے بارے میں ابو دائود ،ترمذی ،ابنِ ماجہ، مسند احمد، صحیح ابنِ حبّان اور سنن درامی میں ارشادِ نبوی ﷺ ہے :((مَنْ یَّعِشْ مِنْکُمْ فَسَیَرَیٰ اِخْتِلَافاً کَثِیْراً فَعَلَیْکُمْ بِسُنَّتِيْ وَ سُنَّۃِ الْخُلَفَائِ الرَّاشِدِینَ الْمَہْدِیِّیْنَ ، عَضُّوْا عَلَیْہَا بِالْنَوَاجِذِ وَ اِیَّاکُمُ وَ مَحْدَثَاتِ الْأُمُوْرِ فَاِنَّ کُلَّ بِدْعَۃٍ ضَلَالَۃٌ )) ۔’’تم میں سے جو شخص ( تا دیر) زندہ رہا وہ بہت اختلاف دیکھے گا ( ایسے میں )تم میری سنّت اور میرے ہدایت یافتہ خلفائے راشدین رضی اللہ عنہم کا طریقہ مضبوطی سے اپنائے رکھنا اور خبردار ! دین میں ایجاد کیٔے جانے والے نت نئے امور سے بچ کر رہنا کیونکہ ہر ایسا طریقہ و بدعت گمراہی ہے ‘‘۔ بحوالہ ریاض الصالحین ص : ۸۷ بمراجعہ الارناؤوط ۔ان احادیث سے یہ بات کھل کر سامنے آجاتی ہے کہ حسنہ و سیّئہ والی تقسیم صحیح نہیں بلکہ ((کُلّ)) کے لفظ سے نبی ﷺ نے ہر بدعت کو ہی گمراہی و موجبِ جہنّم قرار دیاہے ۔ثانیاً : اِس اثرِ فاروقی سے بدعاتِ حسنہ پر استدلال کے صحیح نہ ہونے کی دوسری وجہ یہ ہے کہ حضر ت عمرِ فاروق رضی اللہ عنہ کے ارشاد میں جو لفظ (( بِدْعَۃ)) استعمال ہوا ہے وہ اپنے متبادر و معروف معنوں میں نہیں ہے بلکہ یہ تو ( مشاکلہ ) ہے جو کہ عربوں میں معروف تھا کہ ایسا لفظ استعمال کرنا جس سے اسکا اصل معنیٰ نہیں بلکہ کوئی دوسرا معنیٰ مراد ہوتا ہے ۔ خود قرآنِ کریم میں اس مشاکلہ کی مثال موجود ہے، چنانچہ سورۃ البقرہ آیت :۱۳۸ میں ارشادِ الہٰی ہے :{صِبْغَۃَ اللّٰہِ وَ مَنْ أَحْسَنُ مِنَ اللّٰہِ صِبْغَۃً } ’’اللہ کا رنگ [دینِ اسلام]،اور اللہ سے بہتر رنگ کس کا ہوسکتا ہے؟ ‘‘یہاں{صِبْغَۃ}سے اِسکا متبادر و معروف لغوی معنی رنگ یا پائوڈر تو نہیں ،بلکہ ’’دینِ اسلام ‘‘ مراد ہے ۔اسی طرح ہی قولِ حضرت عمرِ فاروق رضی اللہ عنہ میں بدعت سے مراد صرف یہ ہے:’’گزشتہ ایام میں نہ پائی