Maktaba Wahhabi

65 - 103
کیوں کہ جزم کے صیغے روایت کی صحت کے متقاضی ہو تے ہیں،لہذا ان کا اطلاق اسی روایت پر کیا جا نا چاہیے، جو صحیح ثابت ہو، ورنہ وہ انسان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر جھوٹ باندھنے والے کی مانندہو گا، مگر اس ادب کو جمہو ر فقہا ء اور دیگر اہل علم نے ملحوظ نہیں رکھاسوائے ما ہرین محدثین کے۔ جرح و تعدیل: یہ ایک مستقل فن ہے، اس کی تفصیلات کا یہ محل نہیں، بعض چیزوں کی طرف اشارہ مقصود ہے، تفصیلات کے لیے اس فن پرلکھی گئی کتب کا مطالعہ کیا جائے۔ توفیق الہی سے راقم نے بھی اس فن پر درج ذیل کتب لکھ رکھی ہیں: ۱: موسوعۃ المدلسین ۲: الفتح الجلیل فی ضوابط الجرح والتعدیل ۳: علوم الحدیث عند الامام محمد ناصر الدین الالبانی ۴: احناف کے اصول حدیث استاد محترم محدث العصر شیخ ارشاد الحق حفظہ اللہ کی نظر میں ۵: محدثین کے حالات اور ان کی کتب حدیث کا منہج ۶: ائمہ جرح و تعدیل کے حالات اور ان کی کتب جرح وتعدیل کا منہج۔یسر اللہ لنا طبعہا ائمہ جرح و تعدیل کے کچھ طبقات ہیں۔ کچھ محدثین جرح کرنے میں بہت ہی متشدد ہیں اور کچھ تعدیل کرنے میں متساہل اور کچھ معتدل ہیں۔معتدلین کی تعدیل کے مقابلے میں متشددین کی جرح کا کوئی خاص اعتبار نہیں اورمتساہلین کی تعدیل کا معتدلین کی جرح کے مقابلے میں کوئی خاص وزن نہیں۔
Flag Counter