Maktaba Wahhabi

47 - 332
کی نفی کرتے اور غیراللہ کو پکارتے ہیں ۔ لَا اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ توحید واسلام کی بنیاد اور زندگی کا مکمل ضابطہ ہے۔ اور یہ کلمہ تمام عبادات کو اللہ کے ساتھ خالص کرنے سے ثابت ہوتا ہے۔ جب مسلمان اللہ کے لیے خشوع و خضوع کرے، صرف اسی کو پکارے اور صرف اسی کی شریعت سے فیصلہ کروائے۔ (۶)… حافظ ابن رجب رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : لَا اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ وہ ہوتا ہے کہ اس کی ہیبت اور جلال کی وجہ سے اس کی اطاعت کی جائے اور اس کی نافرمانی نہ کی جائے۔ اسی سے حجیت کی جائے۔ یہ سب صرف اللہ کے لیے ہونا درست ہے۔ جس نے مذکورہ اُمور میں کسی مخلوق کو شریک کرلیا کہ جو اللہ کے خواص میں سے ہیں تو یہ اس کے اخلاص میں کمی متصور ہوگی۔ گویا اس نے لا الہ الا اللہ اخلاص سے نہیں کہا اور جس قدر وہ مذکورہ اُمور میں غیراللہ کو شریک کرے گا، اسی قدر مخلوق کی عبادت تصور کی جائے گی۔ (۷)… کلمہ لَا اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ کہنے والے کو فائدہ دیتا ہے بشرطیکہ وہ کسی شرکیہ عمل سے اس کو توڑ نہ ڈالے۔ چنانچہ یہ وضو کے مشابہ ہے جو ہوا نکلنے سے ٹوٹ جاتا ہے۔ رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (( مَنْ کَانَ آخِرُ کَلَامِہِ لَا اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ دَخَلَ الْجَنَّۃَ۔)) [1] ’’ جس کا (مرنے سے پہلے)آخری کلام لَا اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ ہوگا وہ جنت میں جائے گا۔ ‘‘ محمد رسول اللہ کا معنی: محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا معنی ہے: ہم ایمان رکھتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کی طرف سے مبعوث ہیں اور آپ کی بتائی ہوئی خبروں کی تصدیق کرتے ہیں ۔ آپ کے اوامر کی فرمانبرداری کرتے ہیں ۔ اور آپ کے منع کردہ کاموں کو چھوڑتے ہیں اور آپ کے بتائے ہوئے طریقے سے ہم اللہ کی عبادت کرتے ہیں ۔
Flag Counter