Maktaba Wahhabi

82 - 325
پہلی دلیل: وَلِلّٰہِ الْاَسْمَآئُ الْحُسْنٰی فَادْعُوْہٗ بِھَا وَذَرُوا الَّذِ یْنَ یُلْحِدُ وْنَ فِیْ اَسْمَآئِہٖ سَیَجْزَوْںَ مَا کَانُوْا یَعْمَلُوْنَ(الاعراف:۱۸۰) ’’اور اﷲہی کے لئے اچھے اچھے نام ہیں تو تم اﷲکو انہیں ناموں سے پکارو۔اوران کو چھوڑ دو جو اﷲکے ناموں میں کج روی کرتے ہیں ان کو ان کے کئے کی ضرور سزا ملے گی۔‘‘ اس آیت میں اﷲتعالیٰ نے اپنے بندوں کو حکم دیا ہے کہ وہ اس کو اس کے اچھے ناموں سے پکاریں۔تاکہ ان کی دُعا جلد قبول ہواور ان لوگوں سے کچھ تعلق نہ رکھیں جو اﷲکے ناموں میں ہیراپھیری کرتے ہیں ‘کیوں کہ وہ اس کی بھرپور سزا پائیں گے۔ یہاں الحاد کا مطلب یہ ہے کہ ان اسماء حسنیٰ کے ذریعہ اﷲکو پکارنے کے بجائے غیر اﷲکو پکارا جائے جو بدترین گناہ ہے۔جو لوگ ایسا کریں گے وہ اس کی ضرور سزا پائیں گے۔مسلمانوں کو حکم ہے کہ ایسے لوگوں سے کوئی تعلق نہ رکھیں۔نیز معلوم ہوا کہ مشرع وسائل میں سب سے اعلیٰ وافضل وسیلہ یہی ہے کہ اﷲکے اسماء حسنیٰ اس کی مقدس ذات وصفات کو اس کی بارگاہ میں وسیلہ بنایا جائے۔کیونکہ اﷲتعالیٰ کی ذات مخلوقات کی ذاتوں سے بزرگ ‘اس کے نام مخلوقات کے ناموں سے بلند اور اس کی صفات مخلوقات کی صفات سے مقدس اور اعلیٰ ہیں۔ لَیْسَ کِمِثْلِہٖ شَیْیٔ وَّ ھُوَالسَّمِیْعُ الْبَصِیْرُ یہ سب سے موثر وسیلہ ہے۔اﷲاس وسیلے کے ذریعہ دعا مانگنے والے کی دعا سب سے پہلے قبول کرتا ہے۔
Flag Counter