Maktaba Wahhabi

84 - 148
یہ لوگ اس فرمان پر عمل پیرا ہیں:﴿وَمَا كَانَ لِمُؤْمِنٍ وَلَا مُؤْمِنَةٍ إِذَا قَضَى اللّٰهُ وَرَسُولُهُ أَمْرًا أَنْ يَكُونَ لَهُمُ الْخِيَرَةُ مِنْ أَمْرِهِمْ(الاحزاب:36) ترجمہ:’’کسی مومن مرد یا عورت کے لئے لائق نہیں ہے کہ جب اللہ اور اس کا رسول کسی کام کا حکم کریں اور پھر ان کو اختیار ہو۔‘‘ یہ لوگ اللہ و رسول کی مخالفت سے بہت دور ہیں ظاہری و باطنی ہر قسم کے فتنوں سے محفوظ ہیں۔ان کا دستور اللہ کا یہ فرمان ہے:﴿فَلَا وَرَبِّكَ لَا يُؤْمِنُونَ حَتَّى يُحَكِّمُوكَ فِيمَا شَجَرَ بَيْنَهُمْ ثُمَّ لَا يَجِدُوا فِي أَنْفُسِهِمْ حَرَجًا مِمَّا قَضَيْتَ وَيُسَلِّمُوا تَسْلِيمًا(النساء:65) ترجمہ:’’تیرے رب کی قسم یہ اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتے جب تک آپ کو اپنے اختلافی امور میں فیصلہ کرنے والا نہ مان لیں پھر اپنے دلوں میں آپ کے فیصلے سے تنگی محسوس نہ کریں اور اسے مکمل طوعر پر تسلیم کر لیں۔‘‘ انہوں نے کتاب و سنت کے نصوص کو کما حقہ پہچان لیا ہے اور ان کی قدر کی ہے انہیں تمام انسانوں کے اقوال و آراء پر مقدم رکھا ہے۔ان نصوص کو انہوں نے دل کی خوشی اور رضامندی کے ساتھ فیصلہ کن حیثیت دی ہے انہیں شرح صدر کے ساتھ بغیر کسی دلی تنگی کے تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے عقائد،عبادات،معاملات،اخلاقیات،اور زندگی کے دیگرتمام شعبوں میں اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے احکامات کو تسلیم کیا ہے۔اس معنی میں سلف اہل الحدیث ہزاروں علماء پر مشتمل ہے۔تاریخ نے انکے نام محفوظ رکھے ہیں اور کتابوں میں ان کا تذکرہ اچھے الفاظ میں موجود ہے۔اپنے علم و فضل کی بنا پر یہ لوگ تاریخ میں بہت بلند مقام پر فائز نظر آتے ہیں۔جو شخص ان کی حقیقت سے واقفیت حاصل کرنا چاہتا ہے۔اسے چاہیئے کہ ان کتابوں اور تحریروں سے رجوع کر لے۔ ان کے طبقات ہم آپ کی خدمت میں پیش کر رہے ہیں:
Flag Counter