Maktaba Wahhabi

41 - 277
صدق نبوت پر دلائل کی اقسام: پہلی قسم:…یہ سب سے بڑی دلیل ہے جسے اللہ تعالیٰ انبیائے کرام علیم السلام کے ہاتھوں پر ظاہر کرتے رہے ہیں؛ اور یہی وہ آیت یا نشانی ہے جس سے لوگوں کو چیلنج کیا جاتا رہا ہے۔ اسے اصطلاح کی زبان میں معجزہ کہا جاتا ہے۔ اسے معجزہ کہنے کی وجہ یہ ہے کہ اس جیسی چیز پیش کرنے سے لوگ عاجز آجائیں؛اور یہی وہ نشانی ہے جو ان کی نبوت کی صداقت پر دلالت کرتی ہے۔ دوسری قسم:… اوربیشتر اوقات سابقہ نبی کے ہاں آنے والے نبی کے متعلق بشارت پائی جاتی ہے جیسا کہ ہمارے نبی اکرم محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق بشارتیں موجود ہیں ۔ تیسری قسم:… بعثت سے قبل نبی کے اخلاقیات اور سلوک کی حفاظت ۔ چوتھی قسم:… نبی بن کر مبعوث ہونے کے بعد حیات میں استقامت ۔ اس طرح سے کہ نبی کی زندگی ہر لحاظ سے فاضلانہ زندگی ہوتی ہے جو اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ یہ ہستی عقیدہ اور رسالت کی دولت سے مالا مال ہے۔ اور اپنے عقیدہ اوررسالت کا بھر پور خیال رکھتی اور پابندی کرتی ہے۔نبی کوئی جاہ و مرتبہ کی بھوکی شہوت کی ماری شخصیت نہیں ہوتی۔ پانچویں قسم:… پھر اس کے بعد رسالت کا موضوع وہ دینی اور دنیاوی معاملات ہوتے ہیں جن پر نبی کا لایا ہوا دین مشتمل ہوتا ہے۔ یہ تمام مذکورہ دلائل ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم میں وافر مقدار میں موجود تھے۔ اور ہم یہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ تمام انبیاء میں یہ دلائل موجود تھے۔ لیکن ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے علاوہ کسی دوسرے نبی کے لیے ان کا ثابت کرنا ہمارے لیے آسان نہیں ہے؛ سوائے ان دلائل اور معجزات کے اور ان بڑی نشانیوں کے جو ان کی نبوت کی صداقت پر دلالت کرتی ہیں۔ قرآن کریم میں جملہ طور پر ان معجزات وآیات کا بیان وارد ہوا ہے جو انبیائے کرام علیم السلام کے ہاتھوں پر اللہ تعالیٰ نے ظاہر کیے تھے۔
Flag Counter