Maktaba Wahhabi

27 - 139
حقائق سے اس کا باطن اور ایمان کے اعمال سے اس کا ظاہر حسین و جمیل اور خوب تر ہوجاتا ہے۔ آٹھواں سبب: اللہ عز وجل کی عبادت میں ’’احسان‘‘ کا وصف پیدا کرنے اور اس کی مخلوق کے ساتھ حسن سلوک کرنے میں جد و جہد اور کوشش کرنا: چنانچہ انسان اللہ کی عبادت میں اس طرح کوشش کرے کہ گویا وہ اسے دیکھ رہا ہے، اگر اس کی طاقت نہ ہوتو یہ تصور کرے کہ اللہ تو اسے دیکھ ہی رہا ہے، پھر عمل کو مکمل کرنے اور اسے بطریق احسن انجام دینے نیز قول و فعل، مال و جاہ اور منافع کی دیگر قسموں کے ذریعہ مخلوق کے ساتھ احسان کرنے میں جد و جہد اور کوشش کرے۔ جب وہ اچھی طرح خالق (اللہ)کی عبادت کرے گا اور اس کی مخلوق کے ساتھ حسن سلوک کرے گا اور اس پر ہمیشگی برتے گا تو اس کے ایمان و یقین میں قوت پیدا ہوگی اور وہ ’’حق الیقین‘‘ تک جا پہنچے گا جو کہ یقین کا سب سے اونچا مرتبہ ہے، اور اس وقت اسے اطاعت کے کاموں میں چاشنی اور مٹھاس ملے گی اور (حسن) معاملات کے ثمرہ سے لطف اندوز ہوگا، اور یہی ایمان کامل ہے۔
Flag Counter