Maktaba Wahhabi

36 - 67
کسی نے یہ چیزیں ہمیں بنا کر دی ہیں۔ درختوں اور جانوروں کی نسبت ایسا خیال کرنا کہ ان میں سے کسی نے ہمیں یہ چیزیں عطا کی ہیں، بہت ہی بیہودہ اور نکمی بات معلوم ہوتی ہے کیونکہ وہ خود ہم سے بھی قوت وطاقت میں بہت کم ہیں۔ دیکھو ہم سب آدمی مل کر چاہیں تو سارے درختوں کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکیں۔ سارے جانوروں کو ایک ایک کر کے مار ڈالیں، درختوں کو ہوا، پانی اور روشنی وغیرہ پہنچنے پر بھی ہم انہیں چاہیں تو بڑھنے نہ دیں بلکہ سر سبز وشاداب ہی ہونے نہ دیں۔ جانوروں کو ایسا تنگ کریں کہ وہ کھانے پینے کی سب چیزیں سامنے موجود پائیں مگر ہم انہیں ایک بھی نہ لینے دیں وہ ہزاروں جتن اور جان توڑ محنت وکوشش کریں مگر کچھ نہ کر سکیں، بے بس ہو کر بھوکے پیاسے مر جائیں پھر ایسی چیزوں کو کیا منہ کہ ہم ان کو نعمتوں کا دینے والا قرار دیں۔ پہاڑ کی طاقت زمین کی سطح پر پہاڑوں سے بڑی کوئی چیز نظر نہیں آتی مگر کیا ان میں بھی یہ طاقت ہے کہ انہوں نے ہمیں یہ چیزیں بنا کر دی ہوں۔ وہ تو درختوں اور جانوروں سے بھی زیادہ بے بس ہیں جانور جہاں چاہے جا سکتا ہے ہزاروں کام کی چیزیں بنا سکتا ہے جو چیز چاہے اسکے لینے کے لئے کوشش کرتا ہے اور اکثر محنت کرکے حاصل کر لیتا ہے درخت گو کہیں جاتو نہیں سکتے مگر پھر بھی اپنی جگہ کھڑے کھڑے بڑھتے ہیں۔ زمین میں سے اپنی خوراک کھینچتے ہیں اور سرسبز و شاداب رہتے ہیں ان میں میوے لگتے ہیں ،پھول آتے ہیں ،بیج پیدا ہوتے ہیں ،جن سے ان
Flag Counter