Maktaba Wahhabi

20 - 440
ان سے آپ رحمہ اللہ نے بغداد میں ابوعمرو رحمہ اللہ کی قرأت پر قرآن کی تلاوت کو سیکھا۔ شیخ ابوالفتح ابن المنی کی آپ رحمہ اللہ نے ایک لمبا عرصہ مصاحبت اختیار کی اور ان سے حنبلی فقہ ومسلک اور خلاف واُصول کو سیکھا۔ ۴… ابومحمد عبداللہ بن احمد بن احمد بن احمد بن الخشاب البغدادی العلامہ المحدث، امام النحو، جو اپنے دور کے عربی علوم ونحو اور لغت کے امام مانے جاتے تھے۔ آپ کے زمانہ کے علماء ان موضوعات پر آپ سے فتویٰ طلب کیا کرتے تھے اور وہ آپ سے عربی عبارتوں میں مشکل الفاظ اور محاورہ جات وضرب الامثال کا حل پوچھا کرتے تھے۔ موصل کے اساتذہ: موصل میں آپ رحمہ اللہ نے علامہ ابوالفضل عبداللہ بن احمد بن محمد الطوسی الشافعی خطیب موصل سے اکتسابِ علم کیا تھا۔ مکہ مکرمہ میں آپ رحمہ اللہ کے اساتذہ: آپ رحمہ اللہ نے مکہ مکرمہ میں الشیخ / ابومحمد المبارک بن علی البغدادی الحنبلی المحدث الحافظ، امام الحنابلہ بالحرم سے سماع حدیث کیا۔ امام ذہبی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ: موفق الدین ابن قدامہ اور ان کے خالہ زاد بھائی الحافظ عبدالغنی رحمہما اللہ نے درج ذیل علماء کرام رحمہم اللہ سے سماعِ حدیث اور اکتسابِ علم کیا ہے۔ (۱)… الشیخ عبدالقادر بن عبداللہ الجیلی (۲)… ہبۃ اللہ بن الحسن الدقاق (۳)… ابوالفتح بن البطی (نصر بن فتیان) (۴)… ابوزرعہ بن طاہر (۵)… احمد بن المقرب (۶)… علی بن تاج القراء (۷)… معمر بن الفاخر (۸)… احمد بن محمد الرحبی (۹)… صیدرہ بن عمر العلوی (۱۰)… عبدالواحد بن الحسین البازری (۱۱)… خدیجہ النہروانیہ (۱۲)… نفیسہ البزازہ (۱۳)… شہدہ الکاتبہ (۱۴)… المبارک بن محمد البادرائی
Flag Counter