Maktaba Wahhabi

53 - 99
(۳) اللہ تعالیٰ نے ہر قسم کی تحریف سے قرآنِ مجید کی حفاظت کا ذمہ اٹھایا ہے ، جبکہ دوسری کتابوں کا معاملہ یہ نہیں ہے ، اسی لئے ان میں تحریف واقع ہوچکی ہے۔ (۴) قرآنِ مجیدسابقہ کتابوں کی تصدیق کرنے والا اور ان پر محافظ ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: { مَا کَانَ حَدِیْثًا یُّفْتَرٰی وَلٰکِنْ تَصْدِیْقَ الَّذِیْ بَیْنَ یَدَیْہِ وَتَفْصِیْلَ کُلِّ شَیْئٍ وَّہُدًی وَّرَحْمَۃً لِّقَوْمٍ یُّؤْمِنُوْنَ } (سورۂ یوسف: ۱۱۱) ’’یہ قرآن جھوٹی، بنی بنائی بات نہیں بلکہ یہ ان کتابوں کی تصدیق کرتاہے جو اس سے پہلے نازل ہوئیں ، اور یہ ہر چیز کو کھول کر بیان کرنے والا ہے اور ایمان والوں کیلئے باعثِ ہدایت ورحمت ہے۔‘‘ (۵) یہ سابقہ تمام کتب کا ناسخ ہے۔ 2تورات: یہ اللہ تعالیٰ کی وہ کتاب ہے جس کو اس نے حضرت موسیٰ علیہ السلام پر نازل فرمایا اور اسے باعثِ نور وہدایت بنایا ، اور اس کے ذریعے بنی اسرائیل کے انبیاء علیہم السلام اور ان کے علماء فیصلے فرماتے تھے۔اور ہاں! اُس تورات پر ایمان لانا واجب ہے جسے اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام پر نازل فرمایا تھا ، نہ کہ اس تحریف شدہ تورات پر جو اہلِ کتاب کے پاس موجود ہے۔فرمانِ الٰہی ہے: { إِنَّا أَنْزَلْنَا الـتَّوْرَاۃَ فِیْہَا ہُدًی وَّنُوْرٌ یَّحْکُمُ بِہَا النَّبِیُّوْنَ الَّذِیْنَ أَسْلَمُوْا لِلَّذِیْنَ ہَادُوْا وَالرَّبَّانِیُّوْنَ وَالْأَٔحْبَارُ بِمَا اسْتُحْفِظُوْا مِنْ کِتَابِ اللّٰہِ } (سورۃالمائدۃ: ۴۴) ’’بلا شبہ ہم نے تورات کو نازل کیا جس میں ہدایت ونور ہے، اسی تورات کے مطابق اللہ تعالیٰ کے فرمانبردار انبیاء ان لوگوں کے فیصلے کیا کرتے تھے جو یہودی بن گئے تھے اور اللہ والے اور علماء بھی( اسی تورات کے مطابق فیصلے کرتے تھے)
Flag Counter