Maktaba Wahhabi

47 - 99
تیسرا رکن : ایمان بالکتاب کتابوں پر ایمان لانا اللہ تعالیٰ نے انبیاء علیہم السلام پر جو کتابیں نازل کیں ان پر ایمان لانا،ارکانِ ایمان میں سے تیسرا رکن ہے، اللہ تعالیٰ نے اپنے رسولوں علیہم السلام پر کتابوں کو نازل کیا جو کہ مخلوق کیلئے باعثِ رحمت وہدایت ہیں، جیسا کہ قرآنِ مجید کے بارے میں اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : { ذٰلِکَ الْکِتَابُ لَا رَیْبَ فِیْہِ ہُدًی لِّلْمُتَّقِیْنَ} (سورۃ البقرۃ :۲) ’’ اس کتاب میں کوئی شک وشبہ نہیں اور یہ پرہیزگاروں کیلئے باعثِ ہدایت ہے ۔‘‘ نیز فرمایا : { شَہْرُ رَمَضَانَ الَّذِیْ أُنْزِلَ فِیْہِ الْقُرْآنُ ہُدًی لِّلنَّاسِ وَبَیِّنَاتٍ مِّنَ الْہُدٰی وَالْفُرْقَانٍ } (سورۃ البقرۃ:۱۸۵) ’’ وہ رمضان کا مہینہ تھا جس میں قرآن نازل کیا گیا ، جو لوگوں کیلئے باعثِ ہدایت ہے ، اور اس میں ہدایت کی اور ( حق وباطل کے درمیان ) فرق کرنے کی نشانیاں ہیں۔ ‘‘ آسمانی کتابیں بندوں کیلئے دنیا وآخرت کی سعادت کی ضامن ، اور ان کیلئے دنیا میں گزر بسر کرنے کیلئے ایک نظام ِزندگی اور دستورِ حیات ہیں ، اور لوگوں کے اختلاف کی صورت میں ان کے درمیان فیصلہ کرنے والی ہیں۔ارشادِ باری تعالیٰ ہے: { لَقَدْ أَرْسَلْنَا رُسُلَنَا بِالْبَیِّنٰتِ وَأَنْزَلْنَا مَعَہُمُ الْکِتٰبَ وَالْمِیْزَانَ لِیَقُوْمَ النَّاسُ بِالْقِسْطِ } (سورۃ الحدید:۲۵) ’’یقینا ہم نے اپنے پیغمبروں کو واضح دلائل دے کر مبعوث فرمایا اور ان کے ساتھ کتاب اور ترازو کو نازل کیا تاکہ لوگ عدل پر قائم رہیں۔‘‘
Flag Counter