Maktaba Wahhabi

136 - 373
فصل دوم اہل سنت و الجماعت کے اوصاف عمومی چونکہ وہ ’’اصل اول‘‘ جس کی بناء پر اہل سنت و الجماعت دوسروں سے متمیز ہوتے ہیں وہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ رضی اللہ عنہم کی جماعت کا لزوم و اتباع ہے اس لئے اس ’’اصل‘‘ کی وجہ سے وہ عمومی اوصاف وجود میں آتے ہیں جن کی بدولت مختلف فرقوں، جماعتوں اور اہواء و شہوات کے اس میدان کارزار میں بھی اس جماعت کی معرفت اور پہچان نہایت آسان ہو جاتی ہے۔ (1) ’’دین‘‘ علم و عمل اور ظاہر و باطن سب پر محیط ہے اہل سنت ’’دین‘‘ کو علم و عمل اور ظاہر و باطن سب پر محیط کرتے ہیں، اس اسلام خالص کے ساتھ متمسک رہتے ہیں، جس کو محمد صلی اللہ علیہ وسلم لے کر مبعوث ہوئے ہیں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ رضی اللہ عنہم اس کو محفوظ کرتے رہے ہیں۔ ٭ فرقہ ناجیہ کا عقیدہ اس فرقے کا ہے جس کے بارے میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے اس قول میں نجات کی پیشین گوئی فرمائی ہے:(تفترق امتی ثلاث و سبعین فرقۃ، اثنتان و سبعون فی النار، وواحدہ فی الجنۃ، وھی من کان علی مثل ما انا علیہ الیوم و اصحابی)’’میری امت 73 فرقوں میں بٹے گی۔ بہتر دوزخ میں جائیں گے اور صرف ایک جنت میں اور یہ وہ ہو گا جو ایسے راستے پر رہے گا جس پر آج میں اور میرے صحابہ رضی اللہ عنہم ہیں۔‘‘ چنانچہ یہ عقیدہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے ماثور ہے اور وہ ان کے پیرو ہی فرقہ ناجیہ ہیں۔(ج 3 ص 179)
Flag Counter