Maktaba Wahhabi

270 - 548
انیسویں فصل خلفاے راشدین خلفاے اربعہ کی ترتیب وار فضیلت: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد ساری امت سے افضل و اکمل آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے خاص دوست، ایمانی بھائی، ہجرت کے ساتھی اور یارِ غار ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ ہیں، جو سرورِ کائناتصلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں وزیر اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد جانشین اور خلیفہ با تدبیر ہوئے۔ ان کے بعد ابو حفص عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کا مرتبہ ہے جن کے ذریعے اللہ تعالیٰ نے ملتِ اسلام کو عزت اور دینِ حق کو قوت بخشی۔ پھر عثمان ذوالنورین رضی اللہ عنہ کی فضیلت کا درجہ ہے، جنھوں نے قرآن مجید کے متعدد نسخے لکھوا کر اطراف واکنافِ زمین میں بھجوائے اور انصاف و احسان کے ساتھ حکومت کی۔ ان کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے چچا زاد بھائی اور داماد ابو الحسن علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کو سارے لوگوں پر فوقیت اور شرف حاصل ہے۔ یہ چاروں اصحاب خلفاے راشدین اور ائمہ مہدیین ہیں اور ان پر خلافت نبویہ ختم ہو گئی، اس کے بعد جبری سلطنت اور چوپٹ راج کا دور دورہ رہا۔ خلفاے راشدین کی ترتیب وار فضیلت کا مطلب: خلفاے راشدین کی ترتیب وار فضیلت سے یہ مراد نہیں ہے کہ ان میں سے پہلے کو دو سرے پر، دوسرے اور تیسرے کو تیسرے اور چوتھے پر تمام ذاتی کمالات اور افعال میں کلی فضیلت حاصل ہے، اس سے تو پھر یہ ثابت ہوتا ہے کہ علی ۔کرم اللہ وجہہ۔ جو حسب و نسب، شجاعت و قوت، علم ظاہر و باطن اور دیگر صفات میں فرد کامل تھے، ان سب صفات کے اعتبار سے پہلے تینوں خلفا سے مقام و مرتبہ میں کم ہو جائیں۔ معاذ اللّٰہ عن ذلک۔
Flag Counter