Maktaba Wahhabi

248 - 548
پانچویں فصل تنزیہِ باری تعالیٰ اللہ عزوجل واجب الوجود اور تمام کمالات و صفاتِ حسنہ سے موصوف ہے۔ وہ زوال و فنا سے بالا اور ہر طرح کے نقصان و عیب سے مبرا ہے۔ تمام مخلوق کو وہ اکیلا پیدا کرنے والا ہے، جمیع معلومات سے آگاہ ہے، ممکنات میں سے کوئی چیز اس کے قبضۂ قدرت سے خارج ہے نہ موجودات میںسے کوئی چیز اس کے ارادے کے بغیر واقع ہوتی ہے۔ وجوبِ وجود، استحقاقِ عبادت و الوہیت اور صفتِ خلق و تدبیر وغیرہ میں کوئی اس کا شریک و سہیم نہیں ہے۔ صرف وہی ایک ذات مستحقِ عبادت اور بندوں کو دینے والی ہے۔ وہی ہر بیمار کو شفا بخشنے والا اور تمام ضرر دور کرنے والا ہے۔ وہ خود کسی میں حلول کرتا ہے نہ کوئی دوسرا اس میں حلول کر سکتا ہے۔ وہ کسی سے متحد ہوتا ہے نہ کوئی دوسرا اس سے مل سکتا ہے۔ اس میں کسی طرح کا حدوث و تجدد نہیں پایا جاتا۔ وہ ذات و صفات میںبے مثل اور یگانہ ہے۔ اس کو کامل یکتائی اور بے پروائی حاصل ہے۔ اس نے کسی کو جنا ہے نہ اسے کسی نے جنا ہے۔ ذات و صفات میں کوئی اس کا مثل نہیں ہے۔ وہ جہل و کذب سے بری ہے۔ قرآن و حدیث میں جو صفاتِ الٰہیہ وارد ہوئی ہیں، ان کے بارے میں چھان بین اور بحث کرنا قابلِ مذمت بدعت ہے۔ ٭٭٭
Flag Counter