Maktaba Wahhabi

59 - 199
اسلام کے بنیادی اصول نہ صرف انسانیت بلکہ تمام دُنیا کے لیے مفید ہیں۔ اسلام کا ایک بھی بنیادی اصول ایسا نہیں جو تمام بنی نوع انسان کے مفاد میں نہ ہو یا اُن کے لیے نقصان دہ ہو۔ بہت سے لوگ اسلام کے بارے میں غلط تصورات رکھتے ہیں اور یہ کہتے ہیں کہ اسلام کی بہت سی تعلیمات ٹھیک نہیں اور نا انصافی پر مبنی ہیں۔ یہ اندازِ فکر اسلام کے بارے میں غلط اور ناکافی معلومات کی و جہ سے ہے۔ اگر کوئی کھلے دِل و دماغ سے اسلام کی تعلیمات کا جائزہ لے تو وہ اس حقیقت تک پہنچے بغیر نہیں رہ سکتا کہ اسلام انفرادی اور اجتماعی دائروں میں یکساں طور پر فائدہ مند ہے۔ بنیاد پرست کا لغوی مطلب ویبسٹرز (Websters)کی انگریزی ڈکشنری کے مطابق Fundamentalism یا بنیاد پرستی ایک تحریک تھی جو بیسویں صدی کے شروع میں امریکی پروٹسٹنٹوں کے اندر اُٹھی۔ یہ تحریک جدیدیت کے خلاف رد عمل تھی اور اس کے ساتھ ساتھ وہ لوگ صرف عقائد اور اخلاق بلکہ تاریخی ریکارڈ کے حوالے سے بھی بائبل کے غلطیوں سے پاک ہونے پر زور دیتے تھے۔ وہ اس پر بھی زور دیتے تھے کہ بائبل کا متن ہو بہو خدا کے الفاظ ہیں۔ اس طرح بنیاد پرستی ایک ایسی اصطلاح ہے جو سب سے پہلے عیسائیوں کے ایک گروہ کے لیے استعمال کی گئی جو یقین رکھتے تھے کہ بائبل لفظ بہ لفظ خدا کا کلام ہے اور اس میں کوئی غلطی یا تحریف نہیں۔ لیکن اب آکسفورڈ ڈکشنری کے مطابق ’’بنیاد پرستی‘‘ کا مطلب ہے: ’’ کسی مذہب، خاص طور پر اسلام، کے قدیم یا بنیادی نظریات پر سختی سے کاربند ہونا۔‘‘ یوں مغربی دانشوروں اور میڈیا نے ’’بنیاد پرستی‘‘ کی اصطلاح کو عیسائیت سے الگ کرکے خاص طور پر اسلام سے وابستہ کردیا ہے۔
Flag Counter