Maktaba Wahhabi

181 - 199
اللہ تعالیٰ کی پکڑ اللہ تعالیٰ غفورورحیم ہونے کے ساتھ بہت سخت بھی ہے اورسزا کے مستحق لوگوں کو عذاب بھی دیتا ہے۔ قرآن کریم کی متعدد آیات میں بیان فرمایا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ ملحدوں اور کافروں کو سخت سزادے گا۔ وہ ان سب کو عذاب میں مبتلا کرے گا جواس کی نافرمانی کے مرتکب ہیں۔ کئی آیات میں مختلف قسم کی شدید سزائوں کاذکر کیا گیا ہے جو جہنم میں نافرمانی کرنے والوں کو دی جائیں گی۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿إِنَّ الَّذِينَ كَفَرُوا بِآيَاتِنَا سَوْفَ نُصْلِيهِمْ نَارًا كُلَّمَا نَضِجَتْ جُلُودُهُم بَدَّلْنَاهُمْ جُلُودًا غَيْرَهَا لِيَذُوقُوا الْعَذَابَ إِنَّ اللّٰهَ كَانَ عَزِيزًا حَكِيمًا ﴾ ’’بے شک جن لوگوں نے ہماری آیتوں کا انکار کیا، ہم جلد انھیں آگ میں ڈالیں گے۔ جب ان کی کھالیں جل جائیں گی تو ہم ان کی جگہ دوسری کھالیں چڑھا دیں گے تاکہ وہ عذاب چکھیں۔ بے شک اللہ بہت زبردست، بڑی حکمت والا ہے۔‘‘ [1] اللہ تعالیٰ کا عدل سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا اللہ تعالیٰ معاف فرمانے والا ہے یا منتقم ہے؟ اس سلسلے میں یہ نکتہ قابل توجہ ہے کہ اللہ غفور ورحیم ہونے کے علاوہ سزا کے مستحق بداعمال اوربرے لوگوں کو سخت سزا بھی دیتا ہے کیونکہ وہ عادل بھی ہے۔ سورۂ نساء میں ارشاد ہوتا ہے: ﴿إِنَّ اللّٰهَ لَا يَظْلِمُ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ ﴾ ’’بے شک اللہ ذرہ برابر بھی ظلم نہیں کرتا۔“[2]
Flag Counter