حمد و ثناء
غور کیجئے جب اِنسان چاروں طرف پھیلے ہوئے آثار قدرت اور خود اپنے اندر خدا کی رحمت و نعمت اس کی کرم فرمائیوں ،کرشمہ سازیوں اور نوازشوں کا بنظر غائر مشاہدہ کرتا ہے تو اس وقت اس کا دل جذبات شکر سے لبریز ہو جاتا ہے۔
وَجد و کیفیت میں آکر خدا کی حمد و ثناء کا دلفریب ترانہ گانا چاہتا ہے چہچہاتی ہوئی ننھی چڑیوں کے سامنے تقدیس الٰہی کے نغمے میں ڈوب جانا چاہتا ہے۔ خدا ہی کے راگ اور اسی کے نغمے اپنانا چاہتا ہے۔
کائنات عالم کے پتے پتے بوٹے بوٹے اور ذرّے ذرّے کے ساتھ بیٹھ کر اللہ تعالی کی تمحید اور تمجید اور تسبیح سے معمور ہونا چاہتا ہے۔ اِنسان کی اس زبردست فطری خواہش (جس کی تکمیل اسے دنیا و آخرت میں مقامِ بلند سے سرفراز کرتی ہے ) کو محسوس کرتے ہوئے اللہ تعالی نے اِنسان کی اپنی زبان میں کلماتِ شکر ادا کرنے اور خدا کی حمد و ثناء اور تسبیح وتقدس میں نغمہ ریز ہونے کیلئے نغمہ جان فزا تلاوت قرآن مجید کرنے کا حکم فرمایا تاکہ اِنسان اپنی فطری تڑپ کو اس نغمے کے ذریعے پورا کر سکے جو اس کے اندر اُمڈتی ہے۔ اور سکون اور اطمینان حاصل کر سکے۔
|