Maktaba Wahhabi

305 - 389
مندرجہ بالا احادیث صحیحہ سے معلوم ہوا کہ ایک یا دو بار دودھ پینے سے حرمت ثابت نہیں ہوتی،لہذا سائل مذکور نے جو صورت بیان کی ہے اس میں ندیم اپنی اس پھوپھی کی بیٹیوں سے نکاح نہیں کر سکتا جس کا پونے دو سال تک دودھ پیا ہے،البتہ باقی پھوپھیوں کی بیٹیوں سے کر سکتا ہے کیونکہ دادی کا دودھ اس نے ایک یا دو بار پیا ہے جس سے حرمت ثابت نہیں ہوتی۔ دلہن کے لیے بیوٹی بکس کا استعمال سوال:ایک لڑکی یا نئی دلہن اپنے خاوند کے لیے سرخی وغیرہ یعنی بیوٹی بکس استعمال کر سکتی ہے؟ دلیل سے واضح کریں۔(محمد آصف 85/5R ہارون آباد) جواب:صحیح حدیث سے عورت کا خوشبو لگانا ثابت ہے اور عورتوں کی خوشبو ایسی ہوتی ہے جس کا رنگ ظاہر ہوتا ہے(جیسے سرخی پاؤڈر وغیرہ)اور بو مخفی ہوتی ہے۔عمران بن حصین رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ مجھے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:بےشک مردوں کی بہترین خوشبو وہ ہے جس کی بو ظاہر ہو اور رنگ پوشیدہ ہو اور عورتوں کی بہترین خوشبو وہ ہے جس کا رنگ ظاہر ہو اور اس کی بو مخفی ہو۔ (ترمذی،کتاب الادب،باب ماجاء فی طیب الرجال والنساء:2788) اس صحیح حدیث سے معلوم ہوا کہ عورت رنگ والی خوشبو لگا سکتی ہے،اسی طرح صحیح البخاری اور صحیح مسلم میں انس رضی اللہ عنہ سے حدیث ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے عبدالرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہ پر زردی کا نشان دیکھا تو پوچھا:یہ کیا ہے؟ انہوں نے کہا:میں نے ایک عورت سے ایک نواۃ سونے کے عوض نکاح کیا ہے۔آپ نے فرمایا:اللہ تیرے لیے برکت نازل کرے ولیمہ کرو اگرچہ ایک بکری ہو۔ عبدالرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہ پر زعفران کی زردی کا نشان لگا تھا،ظاہر ہے شادی کے موقعہ پر ان کی دلہن سے یہ لگا تھا جس سے معلوم ہوتا ہے کہ دلہن کی تیاری میں اسے میک اپ کرانا درست ہے۔
Flag Counter