Maktaba Wahhabi

142 - 389
نماز میں آستینیں چڑھانا سوال:نماز میں قمیص کی آستینوں کی کفوں کو چڑھانا جائز ہے یا نہیں؟ صحیح حدیث کی رو سے واضح کریں۔ جواب:قمیص کی کفیں چڑھا کر نماز پڑھنا سخت منع ہے جیسا کہ امام المحدثین امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے صحیح البخاری میں حدیث بیان کی ہے کہ عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:مجھے سات اعضاء پر سجدہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے(اور یہ بھی حکم دیا ہے)کہ نماز میں نہ بالوں کا جوڑا بناؤں اور نہ قمیص کا بازو اوپر چڑھاؤں۔اس صحیح حدیث سے معلوم ہوا کہ نماز میں بالوں کا جوڑا بنانا اور بازو چڑھانا جائز نہیں۔نماز کے دوران اکثر و بیشتر افراد کو دیکھا گیا ہے کہ وہ بالوں یا کپڑوں کو درست کرتے رہتے ہیں یہ امور نماز کے منافی ہیں جب نماز ادا کر رہے ہوں تو اپنی ساری توجہ اور دھیان عبادت میں دینا چاہیے اور ان تمام حرکات سے اجتناب کرنا چاہیے جن کا نماز سے تعلق نہیں ہے۔ تشہد میں شہادت کی انگلی کا قبلہ رخ ہونا سوال:کیا حالت نماز میں شہادت کی انگلی قبلہ رخ ہونی چاہیے اور نظر کا اس پر مرکوز ہونا کسی صحیح حدیث سے ثابت ہے؟ جواب:عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی حدیث میں ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز میں بیٹھ جاتے تو اپنی انگلی سے قبلہ رخ اشارہ کرتے اور اپنی نگاہ اسی پر رکھتے۔ (ابو عوانہ 2/246 ابن خزیمہ 719) یقینا نبی صلی اللہ علیہ وسلم جب تشہد بیٹھ جاتے تو اپنا بایاں ہاتھ بائیں ران پر اور دایاں ہاتھ دائیں ران پر رکھتے اور شہادت والی انگلی سے اشارہ کرتے،آپ کی نگاہ آپ کے اشارے سے تجاوز نہیں کرتی تھی۔(ابو عوانہ 2/247)
Flag Counter