Maktaba Wahhabi

169 - 227
مبحث ہفتم: ادائیگی قرض میں تاخیر پر تجویز کردہ دو سزاؤں کی شرعی حیثیت بعض مفکرین نے قرض کی بروقت واپسی نہ ہونے کی صورت میں کچھ سزائیں تجویز کی ہیں۔ توفیق الٰہی سے ان میں سے دو کے متعلق درج ذیل عنوانوں کے ضمن میں گفتگو کی جارہی ہے: ۱: ادائیگی قرض میں تاخیر پر جرمانہ ۲: مقروض پر ادائیگی میں تاخیر کے بقدر قرض دینے کی پابندی (۱) ادائیگی قرض میں تاخیر پر جرمانہ قرض کی ادائیگی میں ٹال مٹول کے حوالے سے ایک سوال اُٹھایا جاتا ہے، کہ کیا مقروض کو، بروقت ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں،جرمانہ کیا جا سکتا ہے؟یا بالفاظِ دیگر کیا مقروض کو بطورِ قرض لی ہوئی رقم سے زیادہ کی ادائیگی کا پابند کیا جاسکتا ہے؟ سوال کا جواب دینے سے پیشتر یہ سمجھنا ضروری اور مفید ہے، کہ یہ جرمانہ یا زائد رقم کیا ہے۔ اصل رقم کے علاوہ مدت کی بنا پر دی اور لی جانے والی رقم ہی کا نام سود ہے اور سود کی حرمت قطعی اور اٹل ہے۔ بعض مفکرین کا نقطہ نظر یہ ہے، کہ یہ زائد رقم یا جرمانہ،سود ہونے کی بنا پر، قرض خواہ نہ لے، لیکن مقروض کو اس کی ادائیگی کا پابند کیا جائے اور اس رقم کو خیراتی کاموں میں صرف کیا جائے۔
Flag Counter