Maktaba Wahhabi

68 - 868
توحید اور اس کی اقسام سوال:توحید سے کیا مراد ہے اور اس کی کتنی قسمیں ہیں؟ جواب:لغوی طور پر یہ لفظ وحد،يوحد کا مصدر ہے۔یعنی کسی چیز کو ایک اکیلا اور منفرد بنا دینا۔اور ایمانیات میں اللہ تعالیٰ کو ان تمام امور میں جو اس سے خاص ہیں،ایک اکیلا جاننا توحید کہلاتا ہے۔اور یہ بات نفی اور اثبات کے بغیر مکمل نہیں ہوتی۔یعنی ذات واحد کے علاوہ سے حکم کی نفی کرنا اور پھر اسی ایک ذات کے لیے ثابت کرنا۔جب ہم کہتے ہیں کہ کسی شخص کی توحید اس وقت تک کامل نہیں ہو سکتی جب تک شہادت لا اله الا اللّٰه کا اقرار و اظہار نہ کرے،تو ضروری ہے کہ وہ اللہ عزوجل کے علاوہ سب معبودوں کی الوہیت کا انکار بھی کرے اور صرف اس ایک کے معبود ہونے کا اقرار کرے۔خیال رہے کہ نفی و اثبات کے مسئلہ میں کسی چیز کی صرف نفی کر دینا اس کی تعطیل اور عدم کو مستلزم ہے،اسی طرح اگر صرف اثبات کیا جائے تو اس میں دوسرے کے اشتراک کا انکار نہیں ہوتا ہے۔مثلا:اگر آپ یوں کہیں کہ "فلاں کھڑا ہے" اس جملے میں آپ اس شخص کے لیے قیام ثابت کر رہے ہیں مگر اس میں اس کے اکیلے اور منفرد ہونے کا اظہار نہیں ہے۔عین ممکن ہے کہ اس کے ساتھ کوئی اور بھی کھڑا ہوا ہو۔اور اگر آپ یوں کہیں کہ "نہیں کھڑا ہے" اس میں آپ نے نفی عام اور انکار عام سے کسی کے لیے بھی کھڑا ہونے کا اثبات نہیں کیا۔مگر جب آپ یوں کہیں کہ "زید کے علاوہ اور کوئی کھڑا نہیں ہوا ہے" تو اس میں آپ نے اکیلے زید کے لیے کھڑا ہونا ثابت کیا اور اس کے علاوہ باقی سب کی نفی کر دی۔تو توحید کی حقیقت بھی اسی طرح سے ہے کہ جب تک اس میں نفی اور اثبات نہ ہو،توحید کامل نہیں ہو سکتی۔اور اس کی مذکورہ بالا عمومی تعریف کہ "اللہ تعالیٰ کو ان تمام امور میں جو اس سے خاص ہیں ایک اکیلا جاننا توحید ہے۔" اس میں اس کی سب انواع شامل ہو جاتی ہیں۔ توحید کی انواع کے بارے میں سب سے بہترین قول وہی ہے جو علماء نے بیان کیا ہے کہ اس کی تین انواع ہیں:(1) ۔۔توحید ربوبیت۔(2) ۔۔توحید الوہیت۔(3) ۔۔توحید الاسماء والصفات اور یہ قول آیات قرآنیہ اور احادیث نبویہ میں غوروفکر اور تدبر سے حاصل ہوا ہے۔ اول توحید ربوبیت:۔۔یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کو اس کائنات کے پیدا کرنے،اس کا مالک ہونے اور اس کا انتظام چلانے میں اکیلا اور منفرد جانا جائے۔اس کی تفصیل یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کائنات کو پیدا کرنے میں اکیلا ہے،اس کے علاوہ اور کوئی خالق نہیں،اس کی دلیل اللہ کا یہ فرمان ہے: هَلْ مِنْ خَالِقٍ غَيْرُ اللّٰهِ يَرْزُقُكُم مِّنَ السَّمَاءِ وَالْأَرْضِ ۚ لَا إِلَـٰهَ إِلَّا هُوَ (الفاطر 35؍3)
Flag Counter