Maktaba Wahhabi

43 - 868
یوم الحساب کا دورانیہ سوال:کیا حساب کا ایک ہی دن ہے؟ جواب:حساب کا دن ایک ہی ہے مگر اس کی لمبائی پچاس ہزار سال کے برابر ہے جیسے کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: سَأَلَ سَائِلٌ بِعَذَابٍ وَاقِعٍ﴿١﴾لِّلْكَافِرِينَ لَيْسَ لَهُ دَافِعٌ﴿٢﴾مِّنَ اللّٰهِ ذِي الْمَعَارِجِ﴿٣﴾تَعْرُجُ الْمَلَائِكَةُ وَالرُّوحُ إِلَيْهِ فِي يَوْمٍ كَانَ مِقْدَارُهُ خَمْسِينَ أَلْفَ سَنَةٍ﴿٤﴾(المعارج 70؍1۔4) "ایک طلب کرنے والے نے اس عذاب کی خواہش کی جو ہونے والا ہے کافروں پر،جسے کوئی ہٹانے والا نہیں،اس اللہ کی طرف سے جو بلندیوں والا ہے،جس کی طرف فرشتے اور روح چڑھتے ہیں،اس دن میں جس کی مقدار پچاس ہزار سال کی ہے۔" صحیح مسلم میں آیا ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "جو بھی کوئی سونے والا ہوا یا چاندی والا،وہ اگر اس کا حق ادا نہ کرتا رہا تو جب قیامت کا دن ہو گا اس کے لیے اس کے سونے چاندی کو آگ کی تختیاں بنا دیا جائے گا،انہیں جہنم کی آگ سے دہکایا جائے گا اور پھر ان سے اس کی پیشانی،پہلو اور پیٹھ کو داغا جائے گا ۔۔اور یہ ہوتا رہے گا اس دن میں جس کی مقدار پچاس ہزار سال ہے حتیٰ کہ بندوں میں فیصلہ ہو۔" [1] اور یہ دن کافروں کے لیے انتہائی مشکل اور سخت ہو گا جیسے کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: وَكَانَ يَوْمًا عَلَى الْكَافِرِينَ عَسِيرًا﴿٢٦﴾(الفرقان 25؍26) "یہ دن کافروں کے لیے انتہائی مشکل ہو گا۔" دوسری جگہ فرمایا: فَذَٰلِكَ يَوْمَئِذٍ يَوْمٌ عَسِيرٌ﴿٩﴾عَلَى الْكَافِرِينَ غَيْرُ يَسِيرٍ﴿١٠﴾(المدثر 74؍9۔10) "یہ دن بڑا ہی سخت ہے۔کافروں کے لیے کسی طرح بھی آسان نہیں ہے۔" ان آیات کا لازمی مفہوم یہ ہوا کہ یہ دن اہل ایمان کے لیے انتہائی آسانی والا ہو گا باوجودیکہ اس انتہائی لمبے دن کے معاملات بے انتہا دہشت ناک اور ہولناک ہوں گے لیکن اہل ایمان کے لیے اس میں آسانی ہو گی اور اہل کفر کے لیے انتہائی ہولناکی۔
Flag Counter