Maktaba Wahhabi

415 - 738
ساتھ۔اے اللہ مجھے بخش دے!)‘‘ اس حدیث کے آخری الفاظ ہیں:’’یَتَأَوَّلُ الْقُرْآنَ‘‘ یعنی آپ صلی اللہ علیہ وسلم قرآن کریم کی آیت﴿فَسَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّکَ وَاسْتَغْفِرْہُ﴾کی عملی تفسیر اس طرح کرتے تھے۔مسلم شریف کی اس سے اگلی حدیث میں اس بات کی خوب صراحت آ گئی ہے۔چنانچہ اس میں وہ بیان فرماتی ہیں: ((کَانَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللّٰه علیہ وسلم یُکْثِرُ اَنْ یَقُوْلَ قَبْلَ اَنْ یَّمُوْتَ))[1] ’’نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم وفات سے پہلے یہ ذکر و دعا کثرت سے کیا کرتے تھے۔‘‘ چوتھا ذکر: صحیح مسلم،سنن ابو داود،نسائی،مسند ابو عوانہ،مصنف عبدالرزاق و ابن ابی شیبہ اور مسند احمد میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا ہی سے ایک چوتھی دعا یوں مروی ہے: ((إِنَّ رَسُوْلَ اللّٰہِ صلی اللّٰه علیہ وسلم کَانَ یَقُوْلُ فِیْ رُکُوْعِہٖ وَسُجُوْدِہٖ:((سُبُّوْحٌ قُدُّوْسٌ رَبُّ الْمَلَائِکَۃِ وَالرُّوْحِ))[2] ’’نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے رکوع و سجود میں یہ کہا کرتے تھے:’’سُبُّوْحٌ قُدُّوْسٌ رَبُّ الْمَلَائِکَۃِ وَالرُّوْحِ‘‘(پاک ہے،تقدس والا ہے،تمام فرشتوں اور روح الامین جبرائیل علیہ السلام کا پروردگار۔)‘‘ پانچواں ذکر: اسی طرح سنن ابو داود و نسائی میں حضرت عوف بن مالک رضی اللہ نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے رکوع کی ایک دُعا یہ بھی روایت کی ہے: ((سُبْحَانَ ذِی الْجَبَرُوْتِ وَالْمَلَکُوْتِ وَالْکِبْرِیَائِ وَالْعَظْمَۃِ))[3] ’’پاک ہے تمام قوّتوں،بادشاہتوں اور ملکیتوں،کبریائی اور عظمتوں والا۔‘‘ اس حدیث میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اِس دُعا کو رات کی نماز کے رکوع میں پڑھنے کا ذکر بھی آیا ہے۔
Flag Counter