Maktaba Wahhabi

218 - 430
(( سُبْحَانَ ذِی الْجَبَرُوْتِ وَالْمَلَکُوْتِ وَالْکِبْرِیَائِ وَالْعَظْمَۃِ )) [1] ’’پاک ہے تمام قوّتوں، بادشاہتوں ، ملکیتوں، کبریائی اور عظمتوں والا۔‘‘ اس حدیث میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اِس دُعا کو رات کی نماز کے رکوع میں پڑھنے کا ذکر بھی آیا ہے۔ رکوع و سجود میں تلاوت: یہاں اس بات کی طرف متنبہ کر دینا بھی ضروری محسوس ہوتا ہے کہ رکوع و سجود میں تسبیحات و اَذکار میں چاہے کتنا وقت لگائیں کارِ ثواب ہے، البتہ ان مواقع پر قرآنِ کریم کی تلاوت کرنا منع ہے، نماز چاہے فرض ہو یا نفل، کیوں کہ صحیح مسلم و ابی عوانہ میں حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ارشادِ نبوی ہے: ’’خبردار !مجھے رکوع و سجود میں قرآن پڑھنے سے روکا گیا ہے، البتہ رکوع میں اپنے پروردگار کی عظمت بیان کرو اور سجدوں میں دعائیں مانگو، سجدے میں کی گئی دعا قبولیت کے زیادہ قریب ہوتی ہے۔‘‘[2] مدرکِ رکوع کی رکعت : اگر کوئی شخص مسجد میں پہنچے اور امام رکوع میں جا چکا ہو تو وہ بھی تکبیرِ تحریمہ اور تکبیرِ انتقال کہتے ہوئے رکوع میں چلا جائے۔ امام دارقطنی رحمہ اللہ نے حضرت سعید بن مسیب رضی اللہ عنہ سے روایت بیان کی ہے کہ ایسے موقع پر اگر صرف ایک ہی تکبیر کہہ لے تو وہ تحریمہ و انتقال دونوں سے کفایت کر جائے گی۔[3]
Flag Counter