Maktaba Wahhabi

164 - 200
قربانی کے جانوروں میں مطلوبہ اوصاف اپنے کھانے، کسی تقریب میں مہمانوں کی تواضع کرنے یا پھر عام صدقہ و خیرات کی نظر سے غرباء و مساکین میں تقسیم کرنے کے لیے گوشت بنانا ہو تو حلال جانوروں میں سے کوئی بھی جانور خریدا جا سکتا ہے۔ اس کے خوبصورت یا بد صورت ہونے ، اس کے موٹے تازے یا دبلے پتلے ہونے، اس کے طاقتور یا کمزور ہونے، اس کے سینگ کے ٹوٹے ہوئے یا صحیح سالم ہونے، اس کے کان کے کٹے ہوئے ہونے یا پورے ہونے یا پھر جانور کے اندھے، کانے، عمر رسیدہ یا کمسن ہونے جیسے امور مانع نہیں ہوتے ، لیکن قربانی کے لیے جانور خریدنے کا معاملہ کچھ الگ ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی عادت مبارکہ تھی کہ اگر مینڈھا قربانی کے لیے خریدنا ہوتا تو خوب صورت اور سینگوں والا مینڈھا خرید کر قربانی کرتے تھے، جیسا کہ صحیحین اور سنن اربعہ میں حدیث ہے: (( ضَحَّی رَسُوْلُ اللّٰہِ صلي اللّٰہ عليه وسلم بِکَبْشَیْنِ اَمْلَحَیْنِ اَقْرَنَیْنِ )) [1] ’’نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے دو خوب صورت(سیاہ و سفید رنگ کے) سینگوں والے مینڈھے قربانی کیے۔‘‘ امام خطابی رحمہ اللہ نے ’’أملح‘‘ کے بارے میں لکھا ہے کہ ایسا جانور جس کے سفید اونی ریشوں میں سیاہ رنگ کے ڈبے بھی جابجا موجود ہوں۔ (فتح الباري: ۱۰/ ۱۰، بلوغ الأماني: ۱۳/ ۶۱)
Flag Counter