Maktaba Wahhabi

111 - 380
جُحفہ: یہ شام اورمصر وغیرہ سے آنے والے حجاج کامیقات ہے ۔ آج کل یہ جگہ تو ویران ہوچکی ہے اس لیے لوگ اس کے قریبی مقام ’’رابغ‘‘ سے احرام باندھتے ہیں جو مکہ مکرمہ سے پانچ مراحل یا چالیس فرسخ یا ایک سو بیس میل یا دو سو ایک کلومیٹر دور ہے۔ شام ومصر کے علاوہ اندلس، الجزائر، لیبیا، روم اور مراکش وغیرہ کی طرف سے آنے والے لوگوں کا بھی یہی میقات ہے۔ قرنُ المنازل: یہ اس مقام کا قدیم ومعروف نام ہے جسے صرف ’’قرن‘‘ بھی کہاگیا ہے۔ آج کل اس جگہ کو ’’السیل الکبیر‘‘ کہاجاتا ہے ۔ یہ نجد ،حجاز اورخلیجی ممالک سے خشکی کے راستے آنے والے عازمین حج وعمرہ کا میقات ہے۔ اسی جگہ کا ایک اور نام ’’وادیٔ محرم‘‘ بھی ہے اوریہ مکہ مکرمہ سے دو مراحل یا سولہ فرسخ یا اڑتالیس میل یا اسی کلو میٹر دو رہے۔ یلملم: اس نام کے میقات والی جگہ آج کل ’’سعدیہ‘‘ کے نام سے معروف ہے۔ یہ بھی مکہ شریف سے اتنی ہی دوری پر واقع ہے جتنی دوری پر ’’قرن المنازل‘‘ ہے۔ یلملم یاسعدیہ سے اہلِ یمن، جنوب سعودیہ، انڈونیشیا، چین، جاوہ، انڈیا اور پاکستان سے آنے والے لوگ احرام باندھتے ہیں۔ ذاتِ عِرق: یہ مقام مکہ مکرمہ سے مسافت کے لحاظ سے یلملم اورقرن المنازل کے مساوی ہے۔ یہ عراق، ایران اور شمال مشرق سے بغداد اور حائل کے راستے آنے والے حجاج کامیقات ہے۔
Flag Counter