Maktaba Wahhabi

145 - 360
۲۴۔ محرم کے لیے آبی شکار اور سمندر کے کھانے کا حلال ہونا: احرام کے تقدس کے تقاضوں میں سے ایک یہ ہے ، کہ محرم شکار نہ کرے، لیکن اللہ تعالیٰ نے یہ آسانی فرما دی ہے ، کہ آبی شکار اور سمندر کے کھانے کی چیزیں، جو بے شکار ہاتھ آجائیں، محرم کے لیے حلال کر دیں۔[1] ارشادِ ربانی ہے: {اُحِلَّ لَکُمْ صَیْدُ الْبَحْرِ وَ طَعَامُہٗ مَتَاعًا لَّکُمْ وَ لِلسَّیَّارَۃِ}[2] [تمہارے لیے سمندر کا شکار اور اس کا کھانا حلال کر دیا گیا ، تاکہ تم اور قافلے فائدہ اُٹھائیں۔] آیت کریمہ کے حوالے سے چار باتیں: ۱: (صَیْدُ الْبَحْرِ) سے مراد صرف سمندر کا شکار نہیں، بلکہ مقصود آبی شکار ہے، خواہ وہ سمندر میں ہو یا ندی نالے وغیرہ میں۔ قاضی ابو سعود لکھتے ہیں: ’’ (صَیْدُ الْبَحْرِ ) أيْ مَا یُصَادُ فِي الْمِیَاہِ کُلِّہَا بََحْرًا کَانَ أَوْ نَہْرًا أَوْ غَدِیْرًا۔‘‘ [3] ’’یعنی جس کا شکار تمام پانیوں سے کیا جائے، خواہ وہ سمندر ہو یا نہر یا تالاب۔‘‘ علامہ شوکانی تحریر کرتے ہیں: ’’وَالْمُرَادُ بِالْبَحْرِ ہُنَا کُلُّ مَائٍ یُوْجَدُ فِیْہِ صَیْدٌ بَحْرِيٌّ ، وَإِنْ کَانَ نَہْرًا أَوْ غَدِیْرًا۔‘‘ [4]
Flag Counter